(24 نیوز ) پنجاب حکومت کی جانب سے فی یونٹ بجلی 14 روپے سستی کرنے کے اعلان کے بعد اب وزیر اعلیٰ سندھ نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت اب بجلی کی قیمت خود طے کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بجلی پیدا کر سکتی ہے جبکہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن تو پہلے سے ہی کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ اب ہم نے بجلی بنانے کی کمپنی بنائی ہے، اب سندھ حکومت خود ٹیرف مقرر کرے گی۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بجلی مہنگی ہونے سے صنعتیں بند ہو رہی ہیں، 40 ہزار میگا واٹ پیدا کر رہے ہیں اور ضرورت 30 ہزار ہے، جو فیکٹریاں آٹھ گھنٹے دن کی ایک شفٹ چلا رہی ہیں ان کو دوسری چلانے کی ہدایت کی جائے اور دوسری شفٹ میں کم قیمت پر بجلی مہیا کی جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کو سستا کریں گے تو ڈیمانڈ بڑھے گی، ہم بجلی سستی پیدا کر کے صنعتی ترقی کیلئے استعمال کریں گے،تھر میں ڈاکٹر ثمر مبارک کا پروجیکٹ وفاقی حکومت کا تھا، وہ پروجیکٹ نہیں چل سکا اب ہم اس کے اثاثے سنبھال رہے ہیں۔