(24نیوز) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی ن لیگ کی سینیٹر کلثوم پروین کورونا کے باعث انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سےاسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔
تفصیلات کے مطابق 28 نومبر کولیگی سینیٹر کلثوم پروین کو سانس لینے میں دشواری پر اسلام آباد کے نجی اسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ پیر کی علی الصبح انتقال کرگئیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی کلثوم پروین کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مرحومہ کے اہلخانہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے اظہار تعزیت کی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سینیٹر کلثوم پروین نے نہ صرف بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھر پور نمائندگی کی بلکہ ملکی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ان کے انتقال سے ایوان بالا ایک انتہائی فعال رکن اور ملک تعمیری سوچ رکھنے والی مدبر، مخلص اور محنتی سیاستدان سے محروم ہوگیا۔
صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ ایوان بالا غمزدہ خاندان کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کا شریک ہے۔ سینیٹر کلثوم پروین کے مثبت کردار اور عوام کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہےکہ پاکستان میں متعدد ارکان اسمبلی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ہیں جن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے معاون خصوصی راشد ربانی اور بہنوئی بھی شامل ہیں۔