سعودی عرب جانے والی پی آئی اے کی  تمام پروازیں منسوخ

Dec 21, 2020 | 10:02:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے سعودی عرب کی جانب سے تمام غیر ملکی پروازوں پر پابندی  عائد کر دی گئی جس کے باعث پی آئی اے نے آج  سے  سعودیہ جانے والی18 پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج منسوخ  ہونے والی 18 پروازوں میں  سے پی کے 9739 اور 9760 ملتان، جدہ اور لاہور  کی پروازیں شامل ہیں۔جبکہ لاہور جدہ لاہور، اسلام آباد دمام اسلام آباد، لاہور دمام لاہور، کراچی مدینہ اور مدینہ کراچی بھی منسوخ کردی گئی۔اس کے علاوہ لاہور تا مدینہ، مدینہ تا کراچی، مدنیہ تا ملتان اور کراچی جدہ کراچی بھی منسوخ کی گئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق جب تک پروازوں کے اجازت نامے دوبارہ حاصل نہیں ہوتے تب تک پروازیں منسوخ رہیں گی اور متاثرہ مسافروں کو پروازیں بحال ہوتے ہی پروازوں پرایڈجسٹ کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے تمام مسافروں اپنے درست فون نمبرز پرکال سینٹر 111786786کے ذریعہ اندراج کروائیں اورکسی بھی معلومات کے لیے کال سینٹرپررابطہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت کے باعث تمام بین الاقوامی پروازوں پر ایک ہفتے کے لئے عارضی پابندی عائد کردی ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پابندی سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کی حفاظت اور سلامتی کے پیش نظر عائد کی گئی ہے۔ادھر پی آئی اے نے بھی سعودی عرب کےلئے پروازیں ایک ہفتے کے لئے منسوخ کردی ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو8 دسمبر2020 کے بعد سے کسی بھی یورپی ملک یا اس ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہیے کہ مندرجہ ذیل امور پرعمل کریں۔

ایسے افراد دو ہفتے کے لیے خود کو گھروں کی حد تک محدود کریں۔

آئیسولیشن کے دوران کورونا ٹیسٹ کریں اور ہر 5 دن بعد ٹیسٹ دہرائیں

ایسے افراد جو گزشتہ 3 ماہ کے اندر کسی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہیے۔

 

غیر ملکی پروازوں کی سعودیہ عرب آمد سے متعلق پابندی کا نوٹیفیکشن سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جاری کیا جس کے مطابق سعودی عرب میں غیر ملکی پروازوں کی آمد پر پابندی ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے اورپابندی میں مزید ایک ہفتے کا اضافہ بھی کیاجاسکتا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق شیڈول پروازوں کے علاوہ ہر قسم کی چارٹر پروازوں کی آمد پر بھی پابندی رہے گی جب کہ کارگو پروازوں پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا البتہ سعودی عرب میں موجود غیر ملکی پروازوں کو ملک سے روانگی کی اجازت ہوگی۔