مولانا فضل الرحمان سمیت متعدد سیاستدانوں کی جان کو خطرہ:شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر وفاقی داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 20سے زائد سیاسی رہنماؤں کی جانوں کو خطرات ہیں ، جس میں سے دو تین اپوزیشن کے ہیں مولانا فضل الرحمان سمیت سب کو ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اس اسمبلی کو ناجائز کہہ رہے ہیں جس وہ صدارتی امیدوار تھے، ان کا ایک خواب ہے جو پورا ہونے والا نہیں ہے۔سارے سیاسی چودھری مر جائیں لیکن مولانا فضل الرحمان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔دوبارہ دہراتا ہوں کہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی ورنہ عمران خان ایسی قانون سازی کرے گا کہ کرپٹ لوگ نہیں بچ سکیں گے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ اپوزیشن والے لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالیں، وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔ ووٹ کو عزت دو لیکن ووٹر کو موت کی طرف دھکا دینا چاہتے ہیں۔یہ سب لوگ میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں۔ہر خاندان نے کمپنی کی مشہوری کےلیے ایک آدھ آدمی چھوڑا ہوا ہے۔دنیا میں کرونا وائرس کی مہلک وبا خطرناک شکل اختیار کررہی ہے، انہوں نے درخواست کی کہ لندن کی پروازیں بند کردی جائیں۔
شیخ رشید نے بھارتی جارحیت سے متعلق کہا کہ بھارت پہلے ہی پاکستان کے اندرونی مسئلوں میں مداخلت کررہا ہے، پاکستان پر کوئی حملہ ہوا تو جیسا عمران خان نے کہا تو یہ آخری جنگ ہوگی۔ایسی جنگ ہوگی کہ بھارت میں مندروں میں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔پاک فوج اور دیگر اداروں نے سی پیک کے خلاف منصوبے ناکام بنادئیے ہیںَ