(24نیوز) بھارت میں شہید کی گئی بابری مسجد کے بدلے نئی مسجد کا ڈیزائن جاری کر دیا گیا ، اتر پردیش سنی وقف بورڈ نے ایودھیا میں تعمیر ہونے والی مسجد کا خاکہ ،ڈیزائن عوامی طور پر پیش کر دیا ہے۔
بھارتی اخبارہندوستان ٹائمز کے مطابق آرکیٹیکٹ ایس ایم اختر نے ایک پریس کانفرنس میں مسجد اور ہسپتال کے ڈیزائن کو پیش کیا۔اس مسجد میں بیک وقت 2000 لوگ نماز پڑھ سکیں گے جبکہ خواتین نمازیوں کے لیے بھی یہاں ایک الگ جگہ بنائی جائے گی جبکہ مسجد کے احاطے میں ہی ایک ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔ ایک کمیونٹی کچن اور انڈو اسلامک ثقافت ریسرچ سینٹر بھی مسجد کے قریب بنایا جائے گا۔
تاہم فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس مسجد کا نام بابری مسجد ہوگا یا کچھ اور رکھا جائے گا۔فاونڈیشن کے مطابق اس مسجد میں ایمازون کے برساتی جنگلات اور آسٹریلیا میں آگ سے متاثر ہونے والے جنگلات سمیت انڈیا کے مختلف جغرافیائی خطوں سے پودے لا کر لگائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق مسجد کی بنیاد 26 جنوری 2021 یا 15 اگست 2021 کو رکھی جائے گی۔
ایودھیا میں نئی مسجد کا ڈیزائن جاری ،سنگ بنیاد آئندہ برس جنوری یا اگست میں رکھا جائے گا
Dec 21, 2020 | 19:35:PM