سیاسی اتحاد نہیں۔۔جماعت اسلامی تنہا الیکشن لڑے گی،سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ آئندہ جماعت اسلامی تنہا الیکشن لڑے گی، مذہبی جماعتوں سمیت کسی سے بھی سیاسی اتحاد نہیں ہوگا۔ ترازو کے نشان پر ہر حلقے سے امیدوار کھڑا کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے 24 نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ تباہی کی ذمہ دار تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ق لیگ کی پالیسیاں ہیں۔ عوام کے سامنے اپنا انقلابی ایجنڈا لے کر جائیں گے۔ سٹیٹس کو کا خاتمہ کرکے رہیں گے، چاہے کتنی ہی دیر کیوں نہ لگ جائے۔ اسلامی نظام میں ہی تمام مشکلات کا حل ہے۔ جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کے باعث لوگ مذہبی جماعتوں کو ووٹ نہیں دیتے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ ۔۔وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ آگیا
سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر قائداعظم کو قیام پاکستان کے بعد کچھ مہلت مل جاتی تو صورت حال مختلف ہوتی۔ مگر بدقسمتی سے انہیں زیادہ وقت نہیں مل سکا اور پاکستان ایسٹ انڈیا کمپنی کے پروردہ سرمایہ داروں کے شکنجے میں جکڑا گیا، جنہوں نے نہ صرف سیاسی جماعتوں کے قیام کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا بلکہ بیورو کریسی کو اپنے اشاروں پر چلا کر تمام اداروں کو اپنے ماتحت کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کی عوام اب بھی حقیقی معنوں میں آزاد نہیں۔ انہیں اپنے ووٹ کی قدروقیمت کا اندازا نہیں۔ عوام کو پٹواری اور تھانے دار کےچکر میں الجھا دیا گیا یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ پاکستان میں ابھی تک جمہوریت نہیں آئی۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہی اقتدار پر قابض رہیں۔ آنیوالے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ماضی میں پاکستان نیشنل الائنس اور اسلامی جمہوری اتحاد کے پلیٹ فارم سے بھی جماعت اسلامی کو عوام تک رسائی دی گئی نہ اپنا پروگرام پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ اسلئے اب فیصلہ کیا ہے کہ اپنے نظریاتی ایجنڈے پر کام کریں گے۔ ہر حلقے میں جماعت اسلامی کا امیداوار کھڑا کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی جا رہی ہے ۔۔مریم نوا ز کا بلدیاتی الیکشن پر رد عمل
جماعت اسلامی کو نئےانتخابات میں کیا حصہ ملے گا ? سوال پر جواب دیتے ہوئے مولانا سراج الحق کا کہنا تھا کہ فرقہ پرست جماعتوں نے قوم کو تقسیم کردیا۔ ان کی ہی وجہ سےایک امہ کے تصور کو عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا۔ باقی ساری مذہبی جماعتیں فرقو ں میں بٹی ہوئی ہیں۔ صرف جماعت اسلامی ہے جس میں ہر فرقے کے لوگ ہیں۔ بدقسمتی تو یہ ہے ان جماعتوں کے نام سےفرقہ بندی ظاہر ہوتی ہے۔ہم اپنا پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہی ملک کو درپیش تمام مسائل کے ذمہ دار ہیں بلاامتیاز یہ سب بدعنوان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تجربات کرنیوالوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا۔۔ اب کہتے ہیں ہماری مدد کریں۔۔ آصف زرداری
مذہبی جماعتوں کا پاکستان میں کیا مستقبل ہے? کے سوال پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ برسراقتدار جماعت تحریک انصاف سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ اب عوام کے پاس ایک ہی چوائس ہے اور وہ ہےجماعت اسلامی۔ جو ایک انقلابی جماعت ہے ،ہر مشکل میں صرف جماعت اسلامی ہی آپ کو عوام کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی ۔پاکستان کو اسلامی نظام کی ضرورت ہے، ملک کا مستقبل اس سے وابستہ ہے ۔
کیا مذہبی جماعتوں کو اہم سیاسی جماعتوں کے مذہبی ونگ نہیں بن جانا چاہئیے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ نہ بھولیں کہ جماعت اسلامی کے کندھوں پر چڑھ کرنوازشریف وزریراعظم بنے لیکن انہیں ملک میں انقلابی ایجنڈا نہیں بادشاہت درکار تھی۔ جاگیردار اور سرمایہ دار جماعت اسلامی کو استعمال کرکے اپنے اثاثوں میں کئی گنا اضافہ کرتےر ہے اب ایسا نہیں چلے گا۔