بنوں کے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں کیا کچھ ہوا؟ ترجمان افواج پاکستان نے اہم تفصیلات بیان کر دیں

Dec 21, 2022 | 00:26:AM

(24 نیوز)بنوں کے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں کیا کچھ ہوا؟، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے اہم تفصیلات بیان کر دیں۔
ترجمان افواج پاکستان میجر جنرل احمد شریف نے کہاکہ 18دسمبر کو بنوں کینٹ کے اندر واقع سی ٹی ڈی کمپلیکس میں زیر حراست دہشتگرد نے ڈیوٹی کانسٹیبل کو قابو کیا،کانسٹیبل کا اسلحہ چھیننے کے بعد دہشتگرد نے دیگر زیر حراست 34 ساتھیوں کو آزاد کرا لیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ حوالات سے باہر نکلتے ہی دہشتگردوں نے مال خانہ سے مزید اسلحہ حاصل کیا اور فائرنگ شروع کر دی، دہشتگردوں نے ایک سی ٹی ڈی کانسٹیبل کو شہید اور دوسرے کو زخمی کیا،زخمی کانسٹیبل بعد ازاں ہسپتال میں شہید ہو گیا۔

میجر جنرل احمد شریف نے کہاکہ دہشت گردوں نے تفتیش کیلئے وہاں موجود جونیئر کمیشنڈ افسر کو یرغمال بنا لیا،سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ سے فائرنگ کی آوازیں آتے ہی بنوں کینٹ سے سکیورٹی فورسز فورا پہنچی اور علاقے کا گھیراؤ کر لیا،18 دسمبر کو کمپلیکس پر قبضے کے فوری بعد فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک اورتین کو گرفتار کیا گیا، دو سکیورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ موثر گھیراؤ سے کمپلیکس میں موجود دہشتگردوں کے فرار کی ہر کوشش کو ناکام بنایا گیا،اگلے دو دن دہشتگردوں کو غیر مشروط سرنڈر پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔میجر جنرل احمد شریف نے کہاکہ دہشتگردوں نے افغانستان تک محفوظ راستے کا مطالبہ کیا،دہشت گردوں پر واضح کر دیا گیا افغانستان جانے دینے کا مطالبہ ماننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ترجمان افواج پاکستان نے مزید کہاکہ سرنڈر نہ کرنے پر 20 دسمبر کو سکیورٹی فورسز نے طوفانی ایکشن کیا،دوران آپریشن دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں 25 دہشتگرد مارے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ دوران آپریشن 3 دہشتگرد گرفتار ہوئے اور7 نے سرنڈر کیا،میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ آپریشن میں بہادری و جانبازی سے لڑتے مادر وطن کے 3 سپوت شہید ہوئے،شہدا میں صوبیدار میجر خورشید اکرم، سپاہی سعید اورسپاہی بابر شامل ہیں، آپریشن میں دو افسران سمیت 10 سپاہی زخمی ہوئے۔
میجرل جنرل احمد شریف نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کیلئے ڈٹی ہوئی ہیں،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،شہید بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں عزم کو مزید پختہ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا تو گورنر ڈی نوٹیفائی کردینگے، خلیل طاہرسندھو

مزیدخبریں