(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے وزیراعلیٰ آفس میں وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب مخدوم سید طارق محمود نے ملاقات کی، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی اور او پی سی کے گریڈ 9 تک کے کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے 56 ملازمین کو ریگولر کرکے دیرینہ مطالبہ پورا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص اوورسیز کلب بنایا جائےگا اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کےلئے اوورسیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی۔
پرویز الہٰی نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے ون ونڈو ریونیو، نادرا اور ایل ڈے اے کاؤنٹرز کو فعال کیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر دیا گیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی پنجاب کے ہر محکمے میں بھرپور سپورٹ اور معاونت کریں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اب اوپی سی پنجاب سے اپنی اراضی دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں۔