نیب قوانین کے تحت ہر پاکستانی شہری پیدائشی مجرم تھا:مولانا فضل الرحمنٰ

نیب کے قوانین قانون فطرت اور انصاف کے عالمگیر اصولوں کے منافی تھے:سربراہ پی ڈی ایم

Dec 21, 2022 | 16:30:PM

(24 نیوز )پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ جس طرح نیب قوانین کے تحت ہر پاکستانی شہری پیدائشی مجرم تھا،اسی طرح امن عامہ کے ذمہ دار ادارے بھی شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا خیال نہیں رکھتے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ نیب کے قوانین قانون فطرت اور انصاف کے عالمگیر اصولوں کے منافی تھے جس میں کسی بھی شہری پر کوئی بھی الزام عائد کرکے گرفتار کرنے کے بعد اسے کہا جاتا کہ وہ اپنی بے گناہی  خودثابت کرے  حالانکہ دنیا بھر کے قوانین میں ثبوت بذمہ مدعی ہوتا ہے ۔22 سال تک اس ملک کے شہریوں پہ نیب کے کالے قوانین کے تحت ظلم ڈھایا گیا لیکن مہذب دنیا سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظمیں چپ رہیں۔

ضرور پڑھیں :ٹائم اوور،وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے اعتماد کا ووٹ نہ لیا

انہوں نے کہا ہم نے نیب قوانین میں کچھ اصلاحات کرکے اسے عدل و انصاف کے فطری پیمانوں سے ہم آہنگ کیا تو پی ٹی آئی نے ان نیب ترمیمات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا،مولانا نے کہا طرفہ تماشا دیکھیں کے اسی پی ٹی آئی کے پنجاب کے سابق وزیراعلی عثمان بزدار نے درخواست دی ہے کہ ان کے مقدمات نیب کے ترمیم شدہ قوانین کے تحت ٹرائل کئے جائیں جبکہ نواز شریف کے سابق پی ایس فواد حسن فواد نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مقدمات نیب کے پرانے قوانین کے تحت سماعت کئے جائیں۔

مولانا نے  کہا اسی طرح دنیا بھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی سمیت سیکورٹی ادارے شہریوں کے جان و مال اور بنیادی حقوق کا تحفظ کرتے ہیں لیکن ہمارے ہاں قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کی نقل حمل اور بنیادی آزادیوں کو سلب کر لیتے ہیں۔

مزیدخبریں