(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سُپراسٹار اداکار شاہ رخ خان کے آئیکونک پوز نے متحدہ عرب امارات میں روشنی بکھیر دی۔
گزشتہ کئی ماہ سے شاہ رخ خان اپنی فلم ’ڈنکی‘ کی تشہیر میں مصروف تھے اور اس کام کیلئے انہوں نے نت نئے انداز اپنائے۔ بالآخر یہ فلم آج سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے اور مداحوں کی ایک بڑی تعداد کا رش تھیٹرز کے باہر دیکھا جاسکتا ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل شاہ رخ خان نے دبئی میں ایونٹس کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے ’ڈنکی‘ کی پروموشن اور اپنے مداحوں سے ملاقات کی۔
گزشتہ روز اس تشہیر پر مبنی مہم کے اختتام پر دبئی میں ڈرونز کے ذریعے روشنی بکھیرتے ہوئے شاہ رخ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں شاہ رخ خان کی فلم ’ڈنکی‘ کی تشہیر کے لیے ڈرونز کی مدد سے آسمان پر ان کا ایک آئیکونک پوز بنایا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس تقریب سے دلکش ویڈیوز وائرل ہیں۔
ڈرونز کی مدد سے آسمان پر شاہ رخ خان کا نام، ان کا دونوں ہاتھوں کو کھول کر ایک جانب جھکنے والا مشہورِ زمانہ رومانوی پوز اور ایک ہوائی جہاز بالترتیب بنایا گیا۔
’ڈنکی‘ کی پروموشن اور شاہ رخ خان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے سجائی گئی اس حسین رات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔
تقریب میں شاہ رخ خان خود بھی شریک تھے جنہوں نے برج خلیفہ لیک میں کشتی پررومانوی اندازمیں انٹری دی، ڈرون شو سے برج خلیفہ روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔