بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے مرکز میں، انسانی ترقی کیلئے ایک عالمی عزم سامنے آتا ہے۔ میرے صحافتی سفر نے مجھے بیجنگ میں ہونے والے اہم بی آر آئی فورم تک پہنچایا، جہاں یہ جاننے کا موقع ملا کہ بی آر آئی ایک ایسا انشیٹو ہے جو غیرترقی یافتہ ملکوں میں قوموں کو خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے چین کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ دنیا کیلئے اپنے وژن میں انسانی ترقی کی مرکزیت پر زور دیتے ہوئے، چین کے عزم کی بازگشت مشترکہ کوششوں کے ذریعہ اب ان ملکوں میں دکھائی بھی دیتی ہے۔
اس بین الاقوامی تعاون کے پس منظر میں گوادر کے اندر انقلابی پیش رفت کا اہم منصوبہ منہ بولتا ثبوت ہے۔ چین پاکستان دوستی ہسپتال اور گوادر سی واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی نومبر 2023ء میں تکمیل نے وہاں کے باسیوں کو ایک نئی امید دی ہے، جسے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے حصے کے طور پر چین کی جانب سے فراخدلی سے مالی اعانت فراہم کی گئی ہے، جو اس خطے کیلئے ایک اہم ترجیحی منصوبہ ہے۔
دوستی کے اس ہسپتال میں 100 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے جو صحت کی دیکھ بھال کی صلاحیت میں ایک قابل ذکر کوشش ہے جو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ گوادر کے عوام اب صحت کی جدید ترین سہولیات سے مستفید ہوں گے اور روزانہ 900 مریضوں کو ایڈجسٹ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ، یہ پیش رفت کمیونٹی کیلئے طبی خدمات کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پلانٹ کی روزانہ 5000 ٹن میٹھے پانی کی پیداوار کی صلاحیت ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جس سے گوادر کے لوگوں کو اب خالص اور وافر پانی تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اس سے قبل گوادر کے رہائشیوں کو ایسی جدید سہولیات تک رسائی حاصل نہیں تھی۔ تاہم، چین کی انمول حمایت کے ساتھ، ایک انقلابی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔ اب کمیونٹی کو نہ صرف معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہے بلکہ بہتر صحت کے علاج حاصل کرنے کی یقین دہانی بھی ہے۔ مزید برآں، یہ تعاون گوادر کے عوام کی مجموعی فلاح و بہبود میں اضافے کے ساتھ صاف پانی کی نئی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ مزید برآں واٹر ایڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 22.1 ملین افراد کو گھر کے قریب صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
چائنا پاکستان فرینڈشپ ہسپتال اور گوادر سی واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تکمیل اسٹریٹجک تعاون سے پیدا ہونے والے ٹھوس فوائد کو ظاہر کرتی ہے۔ فوری ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ، یہ منصوبے پائیدار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھتے ہیں۔ صحت کی دیکھ بھال، بنیادی ڈھانچے اور ہنرمندی کی ترقی کا احاطہ کرنے والا جامع نقطہ نظر مقامی برادریوں پر سی پیک کے کثیر الجہتی اثرات کی مثال ہے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار دوستی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک منصوبوں کو ترقی کا اہم محرک قرار دیا ہے۔ انہوں نے ’چائنا پاکستان فرینڈشپ ہسپتال‘ اور سمندری پانی کو ڈی سیلینیشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے گوادر کی ترقی میں ان کے کردار کو تسلیم کیا۔ پینے کے پانی کی قلت کا سنگین مسئلہ، جو ایک دیرینہ مسئلہ ہے لیکن اب ایک تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے، جو کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ نے وفاقی اور بلوچستان حکومت کے منصوبوں میں پائے جانے والے باہمی تعاون کے جذبے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے گوادر کے رہائشیوں پر واٹر پلانٹ کے مثبت اثرات اور فرینڈشپ ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی صحت کی بہتر سہولیات پر زور دیا۔ سفیر جیانگ نے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے مشترکہ مقصد پر روشنی ڈالی جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
گوادر پورٹ سی پیک فریم ورک کا حصہ ہے جو علاقائی روزگار میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرکر سامنے آئی ہے جو 236,000 افراد کو مواقع فراہم کرتی ہے۔ بندرگاہ کیلئے 46 کمپنیوں کی رجسٹریشن چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ چین نے کوئٹہ میں سولر پینل کے منصوبے اور ہنگامی مرکز کا اعلان کیا ہے جس پر مقامی آبادی اور چینی حکومت دونوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ یہ اقدامات علاقائی ضروریات کو پورا کرنے اور طویل مدتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے جذبے کی توثیق ہوتی ہے۔
گوادر میں تبدیلی کے منصوبوں کی کامیابی کے ساتھ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کا سفر نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ صحت کی دیکھ بھال، آبی وسائل کے انتظام اور بنیادی ڈھانچے میں پیش رفت مشترکہ ترقی کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ جیسا کہ گوادر ترقی کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی مستقبل کی مشترکہ کوششوں کیلئے مشعل راہ کے طور پر کھڑی ہے، جو دونوں ممالک اور اس سے باہر کے عوام کیلئے خوشحالی کا وعدہ کرتی ہے۔ ’برجنگ ڈریمز‘ اس وژن کا احاطہ کرتا ہے جو گوادر کی نشاۃ ثانیہ سے گزرتے ہوئے قوموں کو جوڑتا ہے اور روشن مستقبل کے خواب دیکھتا ہے۔