میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا تشویشناک ہے،سی پی این ای

Dec 21, 2023 | 21:02:PM
میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا تشویشناک ہے،سی پی این ای
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایٹرز(سی پی این ای) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹر (ایمنڈ) نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے۔ 
ایمنڈ ،پی ایف یو جے اور سی پی این ای نے کہا کہ عدلیہ کے بعض فیصلے جس میں سائفر سمیت بعض اہم مقدمات کی کوریج پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے حیران کن ہیں ، انہوں نے کہا بعض اہم نوعیت کے اہم مقدمات کی میڈیا کوریج پر پابندی عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنے کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات و چینلز کو ریاستی اداروں کے دباؤ ، غیر قانونی اور غیر اعلانیہ سنسر شب من پسند مواد کی تشہیر پر زور ، عدالتی اور سیاسی کوریج پر پابندی ،صحافیوں اور چینلز پر دباؤ جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ان اقدامات کا مقصد میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنے کے سوا کچھ نہیں۔ 
انہوں نے کہا اس گھٹن زدہ ماحول میں عدلیہ ہی ریلیف کا واحد دروازہ ہے لیکن اگر یہ دروازہ بھی بند محسوس ہو تو صورتحال مزید خراب نظر آتی ہے، بیان میں مزید کہا گیا کہ پیمرا اور ریاستی اداروں کے ذریعے تواتر سے دباؤ بڑھا کر خوف کی فضا پیدا کی گئی ہے، ہر روز نت نئی غیرقانونی اور غیر اعلانیہ پابندیوں کا سامنا ہے جو کسی صورت قبول نہیں کیونکہ کہاں کیا ہورہا ہے یہ جاننا میڈیا کے ذریعے عوام کا حق ہے، سی پی این ای پی ایف یو جے اور ایمنڈ نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس فائز عیسیٰ اور نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں میڈیا کو درپیش صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ 
سی پی این ای پی ایف یو اور ایمنڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن جہدوجہد کریں گے جس کیلئے تمام قانونی راستے اختیار کئے جائیں گے ، اس سلسلے میں دیگرسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی بارش اور برفباری کی پیش گوئی