(24 نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سی پیک کی شاندار پیش رفت کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے، چائنیز منصوبوں پر 12 ہزار مستقل فوجی اہلکار تعینات کیے ہیں۔
بیجنگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان نہ صرف چین کی مدد حاصل کرے گا بلکہ ٹیکنالوجی سمیت جدید تحقیق سے بھی فائدہ اٹھائے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان ایک مضبوط اور غیر مشروط تعلق ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جدید اور اعلیٰ معیار کی ٹیکنالوجیز سے پاکستان کو زراعت کے شعبے میں خاص طور پر فائدہ ہوگا،احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان برآمدات بڑھانے اور صنعت میں پیداواری صلاحیت اور مسابقت کی بہتری کی کوشش کررہا ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ایک مضبوط پلیٹ فارم کے لیے تعاون کے بے پناہ امکانات ہیں۔