افغانستان سے خوارج کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 4 خوارج ہلاک، فوجی جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے خوارج کے گروہ کی پاکستان میں در اندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد سے خوارج کے گروہ نے دراندازی کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا، دراندازی کی کوشش 19 اور 20 دسمبر کی درمیانی شب کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 4 خوارج ہلاک ہو گئے جبکہ جھڑپ کے دوران خیبر کے رہائشی 22سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سےکہتا رہا ہے کہ سرحد کے اطراف موثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے خوارج کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔