وزرات سے ہٹانے پر لیاقت خٹک کا جشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزارت سے برطرفی کا نوٹیفکیشن ملنے کے بعد پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک اور ان کے حامیوں نے بھرپور جشن منایا اور آئندہ انتخابات میں اپنا وزیراعلیٰ لانے کا بھی عزم ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ 63 پر گزشتہ روز ضمنی انتخاب ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار اختیار ولی نے تحریک انصاف کو شکست سے دوچار کردیا۔ اس حلقے سے قومی اسمبلی کی سیٹ پر پرویز خٹک منتخب ہوئے ہیں۔تحریک انصاف نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک اور ان کے بھائی لیاقت خٹک کے اختلافات کے باعث پارٹی ہارگئی ہے۔ لیاقت خٹک نے پرویز خٹک کے نامزد کردہ امیدوار کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو نہ صرف سپورٹ کیا بلکہ اس کیلئے مہم بھی چلائی۔
پارٹی لائن سے انحراف پر گورنر خیبرپختونخوا نے لیاقت خٹک سے وزارت آبپاشی کا قلمدان واپس لے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ برطرفی کے بعد لیاقت خٹک جب نوشہرہ کے علاقہ مانکی شریف میں اپنے آبائی گھر پہنچے تو ان کے حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور جشن منانا شروع کردیا۔
لیاقت خٹک کے حامیوں نے جشن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس میں کارکن پرویز خٹک کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ لیاقت خٹک نے اس موقع پر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کو نام کی وزارت مل گئی تھی، وزارت کوئی اور چلا رہا تھا۔ وزارت آنے جانے کی چیز ہے، ابھی کسی پارٹی میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا۔