تھرپارکر ضمنی الیکشن، پیپلزپارٹی کامیاب ،پی ٹی آئی کو بدترین شکست
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)تھرپارکر کے حلقہ این اے 221 ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار نے بھاری مارجن سے میدان مار لیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 221 کے ضمنی الیکشن کے تمام 318 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئےہیں،غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ا میر علی شاہ ایک لاکھ تین ہزار 502ووٹوں کے ساتھ کامیاب قرار پائے ہیں۔ تحریک انصاف کے نظام الدین راہموں50ہزار 553ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار نے یہ نشست 52ہزار 949 ووٹوں کے بھاری مارجن سے حاصل کی۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے ایک اور تاریخی جیت پر چیئرمین بلاول بھٹو ، صدر زرداری اور جیالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ تھرپارکر کے عوام نے ایک بار پھر وعدہ خلافی کرنے والوں کو مسترد کر دیا ہے ،امیر علی شاہ کی جیت پی پی پی قیادت کی مدبرانہ سیاست اور عوامی خدمت کی جیت ہے، ان کاکہناتھاکہ چاروں صوبوں میں تحریک انصاف کو شکست عوامی ریفرنڈم ہے، کٹھ پتلی راج کو سینیٹ میں بھی شکست ہوگی ، بھاگنے نہیں دیں گے ، سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ سلیکٹڈ کے خلاف عدم اعتماد ہوگا رسم ہونا باقی ہے۔
حلقے میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف سمیت 12 امیدوار مدمقابل تھے،اس حلقے میں ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے،حلقے میں بنائے گئے پولنگ سٹیشنز کی کل تعداد 318 ہے جن میں سے 95 سٹیشنز انتہائی حساس اور 130 حساس قرار دیئے گئے تھے۔پرامن انتخاب کے انعقاد کیلئے حلقے میں 4 ہزارپولیس اہلکار، ایک ہزاررینجرز کے جوان تعینات کئے گئے تھے ۔
واضح رہے کہ یہ نشست پیپلزپارٹی کے امیدوار کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔