(24 نیوز)کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں نیا شعبہ قائم کرکے بالکل نئے انداز کی انوکھی بھرتی سامنے آگئی، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی بیٹی کو بھرتی کرنے کیلئے کنگ ایڈورڈ میں نیا شعبہ قائم کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت کی صاحبزادی ڈاکٹر عائشہ کیلئے کنگ ایڈورڈ میں فیٹل میڈیسن کا شعبہ قائم کیا گیا۔ ڈاکٹر عائشہ کو براہ راست گریڈ 19میں بطور اسسٹنٹ پروفیسرفیٹل میڈیسن بھرتی کیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ کو پیرا شوٹ کے ذریعے گریڈ 19میں کنٹریکٹ کی بجائے مستقل بھرتی کیا گیا ۔بھرتی ہونے کے بعد وزیر صحت کی صاحبزادی رخصت لے کر لندن بھی چلی گئیں۔
ڈاکٹر عائشہ علی کو نوازنے کیلئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بھی فیٹل میڈیسن کا شعبہ قائم کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عائشہ کو اسسٹنٹ پروفیسر فیٹل میڈیسن کے طور پر فاطمہ جناح یونیورسٹی میں بھی بھرتی کرلیا گیا تھا۔ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں نظر انداز کئے گئے امیدواروں کے احتجاج پر وزیر صحت کی بیٹی کی بھرتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا۔ فاطمہ جناح یونیورسٹی میں ناکامی کے بعد اب وزیر صحت کی بیٹی کو کنگ ایڈورڈ میں بھرتی کر لیا گیا۔
ریکروٹمنٹ کے ساتھ ہی وزیر صحت کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ علی کو بیرون ملک جانے کی رخصت بھی مل گئی۔ ڈاکٹر عائشہ علی کو 12 جنوری کو تقررنامہ جاری ہوا تو ساتھ ہی وہ لندن چلی گئیں۔