سالوں سے سمندر میں موجود ٹائی ٹینک کے ملبے کی نایاب فوٹیج جاری

Feb 21, 2023 | 11:53:AM

(ویب ڈیسک )ٹائی ٹینک دنیا کا سب سے بڑا ہی نہیں بلکہ پرتعیش، جدید اور بہترین بحری جہاز بھی تھا جو 111 سال سے ملبے کی شکل میں آج بھی سمندر کی تہہ میں موجود ہے۔

اب اس حوالے سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جو کہ 1986 میں ریکارڈ کی گئی تھی جو اس بحری جہاز کے تباہ ہونے اور سمندر کی ہولناکی کی تفصیلات کو ظاہر کرتی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹائی ٹینک کے ملبے کی اس غیر معمولی اور پہلے کبھی نہ دیکھی جانے والی فوٹیج نے ڈوبنے والے جہاز کے ڈوبنے اور گہرے سمندر کے پراسرار ہونے سے پردہ اٹھایا ہے۔

ووڈس ہول اوشیانوگرافک انسٹی ٹیوشن (WHOI) نے 25 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائی ٹینک‘ کی یاد میں 80 منٹ کی ویڈیو جاری کی ہے۔بلیو ایچ او آئی کے مطابق ابتدائی طور پر ٹائی ٹینک کی باقیات کو ڈاکٹر رابرٹ بیلارڈ کی قیادت میں 15 اپریل 1912 کو جہاز کے ڈوبنے کے بعد یکم ستمبر 1985 کو دریافت کیا گیا۔

ضرور پڑھیں : ٹک ٹاک بناتے ہوئے ایک نوجوان موت کے منہ میں پہنچ گیا

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس نئی ویڈیو میں ٹائی ٹینک کے ملبے کو اندر اور باہر سے بہت قریب سے دکھایا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹائی ٹینک جہاز 53 ہزار ٹن وزنی، 882 فٹ طویل اور 90 فٹ بلند تھا جس میں بہترین آلات اور مشینری لگائی گئی تھی اور اس جہاز سے متعلق دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ڈوبے گا نہیں۔

یاد رہے کہ 10 اپریل 1912ء کو یہ جہاز انگلینڈ سے اپنے پہلے سفر پر روانہ ہوا جس کی منزل امریکی شہر نیویارک تھی اور یہ بحر اوقیانوس میں کینیڈا سے 370 میل کی دوری پر ایک بہت بڑے برفانی تودے سے ٹکرا کر سمندر میں غرق ہوگیا تھا۔اس حادثے میں ڈیڑھ ہزار افراد جان سے گئے تھے اور اس حادثے کو بیسویں صدی کا ہولناک ترین حادثہ بھی کہا جاتا ہے۔

مزیدخبریں