(24 نیوز )وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور جسٹس مظہر علی اکبر کی لیک آڈیو پر تحقیقات کیلئے تمام بار کونسلز نے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق حسن رضا پاشا نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی بار کونسلز کے نمائندگان کا آج اجلاس ہوا ہے،پاکستان بار کونسل نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کے علاوہ تمام بارکونسلز علیحدہ سے ریفرنس دائر کریں گی ۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا کا کہنا تھا کہ جج کی آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے تمام بار کونسلز ایک پیچ پر ہیں،آئندہ ہفتے تک ریفرنس دائر کر دیا جائے گا،یہ تمام بارکونسلز کا متفقہ فیصلہ ہے ، سپریم کورٹ کے جج کے خلاف 6 ریفرنس دائر کریں گے ، پاکستان بار کونسل اپنے طور پر ریفرنس دائر کرے گی اور باقی پانچ بار کونسلز اپنا اپنا الگ طور پر ریفرنس دائر کریں گی یہ کل چھ ریفرنس دائر ہوں گے ، جسٹس فائز عیسی کے ریفرنس کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل واپس لی جائے۔
جسٹس فائز عیسی کے خلاف ریفرنس بدنیتی پر مبنی تھا، سپریم کورٹ کی جانب سے آڈیو لیک کی تحقیقات کی استدعا کی تھی،سپریم کورٹ سے کوئی جواب نہ آنے پر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا،آج کے اجلاس میں وکلا کے تحفظ کی قرارداد بھی منظور کی گئی ہے ، جوڈیشل کمیشن رولز میں ترمیم کی قرارداد بھی منظور کی گئی،ریٹائرڈ ججز اور آرمی افسران کو سرکاری عہدہ نہ دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔