حکومت سازی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے معاملات طے پاگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی) پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی وفد سے مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں ن لیگ اور پی پی کی رابطہ کمیٹی کے اراکین اور صدر ن لیگ شہباز شریف جبکہ بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ جس میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کرکے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں ن لیگ کا وزیراعظم ہوگا۔
معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے۔ اس کے علاوہ قومی کا اسپیکر ن لیگ جبکہ سینئٹ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے ہوگا۔
اس سے قبل نواز شریف کی طلبی پر شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد اور پھر مری پہنچے، جہاں انہوں نے نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ رابطہ کمیٹی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطوں پر بریف کیا۔
بعدازاں بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کیلئے اسحاق ڈر کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں شہباز شریف بھی پہنچے اور پھر بات چیت کو حتمی شکل دی۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت سازی پر ہونے والی بات چیت کے بعد طے پایا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں گورنر مسلم لیگ ن سے ہوں گے جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گورنر پیپلز پارٹی سے ہوں گے۔
اسی طرح سینیٹ چیرمین پیپلز پارٹی سے ہوں گے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ن لیگ سے ہوں گے، قومی اسمبلی کے اسپیکر مسلم لیگ ن جبکہ ڈپٹی اسپیکر پیپلز پارٹی سے ہوں گے۔