سردی لوٹ آئی،آج پھربارش اور برفباری کی پیشگوئی
کراچی میں بادلوں کے ڈیرے،پاکستان کےآلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبرپرآگیا

Stay tuned with 24 News HD Android App

(احسن عباسی،کومل اسلم)محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی سے درمیانی دھند رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،تاہم کوئٹہ، زیارت، قلات، موسیٰ خیل، قلعہ عبداللہ، پشین، خاران اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نوا ح میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کے علاوہ بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے، کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسانے والا سسٹم نکلنے کے بعد دوبارہ خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگیاہے،تاہم مختلف اضلاع میں میدانی علاقوں میں ہونے والی بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری کے اثرات موجود ہیں۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری کم ہو کر 10 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیاہے۔
لاہور شہر کی فضا میں خنکی موجود ہے اورشہر کا موجودہ درجہ حرارت 11ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری تک جانے کا امکان ہے،لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 99 فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں،بارشوں کے بعد فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے،فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور 31 ویں نمبر پر آگیا ہے اورشہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 98 ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر بادلوں کے ڈیرے رہیں گے،شام اور رات میں چند مقامات پر بوندا باندی کی بھی توقع ہے،شہر میں اس وقت مطلع ابر آلوداورموسم خوشگوار ہے،موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کم سے کم درجہ حرارت 18 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے،ہوا میں نمی 61 فیصد ہے،شمال مشرقی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تکنیکی اور آپریشنل وجوہات: کراچی سے روانہ ہونے والی 9پروازیں منسوخ
دوسری طرف اے کیوآئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار بدستور مضر صحت ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے اور پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر موجود ہے،اے کیو آئی کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 199 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی جارہی ہے۔