(24 نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے 5 سال میں برآمدات 60 ارب ڈالرتک لے جانے کے لیے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بارے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے آئندہ 5 سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر کے تک لے جانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں پرتوجہ دی جائے اور 5 سال میں برآمدات60 ارب ڈالرتک لے جانے کے لیے حکمت عملی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی پی آئی اے کو جون تک پرائیوٹائز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے تعاون و مشاورت سے آپریشن کرنے اور اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں موبائل ہسپتالوں کے قیام کی بھی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 2 سالوں میں ٹیرف میں بتدریج کمی کی گئی، برآمدات بڑھانے کے لیے وزارت تجارت ہر سال پاکستان میں بین الا قوامی سطح کے نمائشوں کی میزبانی کرتا ہے، 2025-30 اسٹرٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔
مزید پڑھیں:وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بحرین کی مجلس نمائندگان کے 11رکنی وفد کی ملاقات
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ای کامرس پالیسی پر مشاورت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، اور اگلے مہینے کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کی جائے گی، پاکستانی مصنوعات کی بین الا قوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نیشنل کمپلائینس سینٹر تیار ہو چکا، سینٹر پاکستان کی برآمدی صنعتوں کی استعداد میں اضافہ اور تربیت کے پروگرام مرتب کرے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، چیرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔