پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا، عظمٰی بخاری

Feb 21, 2025 | 12:52:PM
پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا، عظمٰی بخاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلیشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا۔

وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے، سندھ میں صفائی اور ٹرانسپورٹ کا اچھا نظام ہوگا تو خوشی ہوگی، سیون حادثے پرسیاست نہیں ہونی چاہیے تھی،عظمٰی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلیشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا۔

علاوہ ازیں وزیراطلاعات پنجاب نے وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ کہا جاتا ہے پہلے سال میں حکومتیں کام نہیں کر پاتیں مگر مسلم لیگ ن نے ایک سال میں وفاق اور پنجاب میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں، پنجاب حکومت نے پہلے ہی سال میں ڈلیور کر کے دکھایا ہے،انھوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو پیغام ہے خدمت کی سیاست میں ہمارا مقابلہ کریں۔ جب کسی کے پاس کہنے کو کچھ نہ ہو تو پھر بس گالی ہی رہ جاتی ہے، اب عوام کو گالم گلوچ، بدتمیزی، جلاؤ گھراؤ اور وفاق پر یلغار نہیں چاہئے۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب کی طرح دوسرے صوبوں کے لوگوں کیلئے بھی منصوبے ہونے چاہیے۔ جو نام نہاد صحافی اور تجزیہ کار کہتے تھے ن لیگ ختم ہو گئی ہے وہ آج کہتے ہیں ہمارے جلسے ناکام ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کے ایک سال کی کارکردگی تاریخی کامیابیوں اور عوامی خدمت کا عمدہ نمونہ ہیں۔ فروری کا مہینہ ملکی تاریخ میں اہمیت کا حامل ہے۔ 8 فروری کے انتخابات کے بعد ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، لیکن 26 فروری کو مریم نواز نے بطور وزیراعلیٰ حلف اٹھا کر پنجاب کو استحکام دیا،انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ایک سال میں جو محبتیں اور کامیابیاں سمیٹی ہیں، ان کی کوئی مثال نہیں ہے، نارووال میں سڑکوں کے منصوبوں کا افتتاح عوامی جلسے میں تبدیل ہوگیا، جو عوام کی مسلم لیگ ن اور وزیر اعلٰی پنجاب کی حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مریم نواز نے پنجاب کے عوام کے لئے 90 سے زائد تاریخ ساز منصوبے شروع کئے ہیں۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ اگلا سال گزشتہ سال سے مزید بہتر ہوگا۔ ہماری ترجیح صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔اس موقع پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبہ ہر امیر و غریب کے لیے یکساں فوائد کا حامل ہے۔ ہم نے صفائی اور بنیادی ڈھانچے کے ذریعے عوامی دلوں میں جگہ بنائی ہے،انکا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے ماسٹر پلانز منظوری کے قریب ہیں۔ اب پنجاب کے ہر شہر میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کا جدید نظام ہوگا۔ لاہور کے ڈویلپمنٹ پلان میں اب تمام کچی آبادیوں میں بھی سیوریج اور دوسرے ترقیاتی کام ہونگے۔

وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہمیں تمام شہروں اور دیہاتوں کی صفائی کا کام دیا ہے، آج پنجاب کی 154 تحصیلوں میں سے 140 تحصیلوں کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، پنجاب کی 14 تحصیلوں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خود کام کر رہی ہے،ذیشان رفیق کا کہنا تھا کہ صفائی سے ہماری اکانومی اور پنجاب کے عوام کو فائدہ ہو رہا ہے، ستھرا پنجاب کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد نوکریاں ملنی تھیں، اب تک 91 ہزار سے زائد لوگوں کو نوکریاں دی جا چکی ہیں۔