(24 نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اوپن سماعت کے بیان نے درباریوں کے چھکے چھڑا دیئے، فارن فنڈنگ کیس میں بھی ذلت ورسوائی نااہل لیگ کا مقدر ہے۔
مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جعلی کیلبری فونٹ استعمال کرنے والی جعلساز محترمہ احتجاج کا ڈھونگ رچا رہی ہیں۔ نااہل لیگ نے ہمیشہ عوام کو گمراہ کیا۔میاں مفرور نے پارٹی اکاؤنٹس کے ذریعے بھی منی لانڈرنگ کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ ریکارڈ دبانے والے، رسیدیں چھپانے والے آپ ہیں۔ پی ٹی آئی نے 40 ہزار ڈونرز کا ریکارڈ دیا، ریکارڈ کے نام پر قطری خط، جعلی ٹرسٹ ڈیڈ والے پروپیگنڈا میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے مسلم لیگی رہنماوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو دھمکانے کی بجائے الیکشن کمیشن میں ریکارڈ جمع کروائیں۔
یاد رہے کہ (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس عوام کے سامنے اوپن کرنے کے دعوے پر عمل درآمد کا چیلنج دیا تھا۔