جو پاکستان سے وفادار ہے وہ کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، مولانا فضل الرحمان

Jan 21, 2021 | 23:08:PM

(24نیوز) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو پاکستان سے وفادار ہے وہ کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔
کراچی میں اسرائیل نامنظورریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خطیب مسجد اقصیٰ اور حماس کے سربراہ نے ہمارے اجتماع کو عزت بخشی، پاکستانی عوام کسی صورت اسرائیل کوتسلیم نہیں کریں گے، خون کے آخری قطرے تک فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک بیت المقدس کوآزادی نہیں ملتی ،پاکستان فلسطینیوں کےساتھ ہے۔ بانی پاکستان نے بھی کہا تھا کہ اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس بتا رہا ہے کہ عمران خان کو دشمن ملکوں نے پیسہ دیا۔ اسرائیل اور بھارت نے عمران خان کیلئے فنڈنگ میں حصہ ڈالا۔عمران خان نے لندن میں اسرائیلی تنظیم کے حمایت یافتہ زیک گولڈ سمتھ کیلئے الیکشن مہم چلائی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ فضل الرحمان کو مولانا کہنا جرم ہے۔ میں کہتا ہوں آپ کو وزیراعظم کہنا جرم ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فروری کو راولپنڈی میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ راولپنڈی جلسے میں پی ڈی ایم قیادت شریک ہوگی۔ مدرسے کے طلبہ اپنے حق کو جانتے ہیں اس لیے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں۔ مدرسے کا طالب علم بھی اس ملک کا شہری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ پاکستان پر برا وقت آئے تو سب سے آگے مدرسے کے طلبا ہوں گے۔ ٹرمپ غیر سنجیدہ حکمران تھے۔ امریکا کے موجودہ حکمران سنجیدہ بھی ہیں اور جمہوریت پسند بھی ہیں۔ ٹرمپ نے امریکی سفارتخانے کو مقبوضہ بیت المقدس میں کھولنے کا اعلان کیاتھا۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ جوبائیڈن امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس میں کھولنے سے متعلق اعلان کو واپس لیں۔ عالمی قوانین کے مطابق بیت المقدس متنازعہ علاقہ ہے۔

مزیدخبریں