موجودہ حکومت اسرائیل کی فرنچائز حکومت ہے،مولانا اویس نورانی 

Jan 21, 2021 | 23:16:PM

 (24 نیوز)مولانا اویس نورانی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اسرائیل کی فرنچائز حکومت ہے ،ملک میں عقیدہ ختم نبوت سے لے کر تہذیب پر ہونے والے تمام حملوں کے تانے بانے تل ابیب سے ملتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم رہنما مولانا اویس نورانی نے اسرائیل نامنظو ر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر چار جانب سے حملہ کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں ایسے سلیکٹڈ وزیر اعظم کو بٹھایا گیا جس کا سسر یہودی اور اسرائیل کی اربوں ڈالر کی کمپنیوں کا مالک ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے یہودی سالے کی مہم لندن میں چلائی۔ اسلام کے نام پر حاصل پاکستان کی باگ دوڑ یہودی ایجنٹ کے ہاتھ میں ہے۔ آزادانہ منصفانہ انتخاب نہیں ہوتے اور تحریک چلتی ہے تو برداشت کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے لابنگ کرنے والوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان اور اطراف کی طاقتور قوتیں کان کھول کر سنیں عوام اسرائیل کو تسلیم کرنا کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ رنگیلا ٹی وی پر کہہ رہا تھا کہ ہم تو اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہے۔ جلسوں میں بچوں کولانے کا الزام لگایا، تمہارے بچے نہیں ہمارا کوئی قصور نہیں۔ خود کو ختم نبوت کا مجاہد قرار دینے والے سے پوچھتا ہوں 2002 میں مشرف نے آئیں معطل کیا تو عقیدہ ختم نبوت کی شق کو کس نے بحال کرایا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمن کھلاڑی ہیں، عمران خان تسلیم کریں پیدائشی اناڑی ہے۔ عمران خان نے کہاتھا کہ پانچ لوگ کہہ دیں گو عمران گو تو ہٹ جاﺅں گا میں کہتا ہوں ۔چینی آٹے کے بحران کا پوچھو تو کہتے ہیں کہ پتہ نہیں، یہ مافیا کہاں سے آگئے۔ کہتے ہیں بھنگ کی معیشت کو ابھاریں گے اب زیتوں کے باغ لگانے کی بات کررہے ہیں ،انڈے کٹوں کی بات ہوتی ہے، لگتا ہے کسی کریانے کی دکان چلانے والے سے بات کررہے ہیں۔

مزیدخبریں