(ویب ڈیسک )عوام کیلئے ایک اور بری خبر، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے کل سے نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کا اعلان کردیا، سادہ روٹی 16 اور نان 30 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر وحید عباسی نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل جب تندور مالکان نے سول سیکرٹریٹ کے باہر فائن اور آٹے کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے احتجاج کیا۔تو اس وقت انہیں یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ آٹے اور فائن کی قیمت میں کمی کی جائے گی لیکن ایسا نہ ہو سکا اور آج بھی فائن کا 80 کلو کا تھیلا 12 ہزار اور آٹے کا 15 کلو کا تھیلا 2 ہزار روپے میں مل رہا ہےجس کے باعث موجودہ قیمت پر روٹی اور نان فروخت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نئی قیمت کا اطلاق کل سے ہوگا، اگر حکومت نے موجودہ قیمت پر روٹی اور نان فروخت کروانا ہے تو فائن کا تھیلا 8 سے 9 ہزار روپے اور آٹے کا تھیلا 14 سو سے 15 سو روپے میں فراہم کرے۔