(راﺅ دلشاد)انتخابات کیلئے کامیابی یقینی بنانے کیلئے توڑ جوڑ کا سلسلہ جاری ہے،لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں مسلم لیگ (ن) کےلئے بڑا بریک تھرو ہو گیا،پی ٹی آئی کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار اورحامی مسلم لیگ (ن) کے حق میں دستبردار ہو گئے،پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر مہر محمد وسیم اپنے ہزاروں کارکنوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے،مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں نے حلقہ میں مریم نوازشریف کی حمایت کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق مہر محمد وسیم نے اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازسے ملاقات کی، ملاقات میں سینیٹر پرویز رشید، مریم اورنگزیب، علی پرویز ملک، خواجہ عمران نزیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ،پی پی اور این اے 119 کے چئیرمین ، وائس چئیرمین،زکوةٰ کمیٹی کے چیئرمین، پارٹی عہدیدار اورسینکڑوں ساتھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے ،مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھی 25 جنوری کوجلسے میں باضابطہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے ،مریم نوازشریف بھی 25 جنوری کو جلسے میں شرکت کریں گی،مریم نوازشریف نے مہر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور مبارک باد دی۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 149کا الیکشن، جہانگیر ترین نے جاوید ہاشمی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی
مریم نواز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ترقی کے قافلے میں شمولیت اختیار کرلی ہے،2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا اور بھگتا، خواتین رو رہی ہیں کہ گھروں میں گیس نہیں آرہی ،سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کی وجہ سے آج پورا پاکستان رو رہا ہے،پوری دنیا نوازشریف کے دور کی ترقی کی مثالیں دیتی ہے ،لاہور کی ترقی کی مثالیں دی جاتی تھی، وہی لاہور گندگی کا ڈھیر بن گیا ۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ پاکستان، پنجاب اور لاہور کے چپے چپے پر نوازشریف، شہبازشریف کی خدمت کے نشان ہیں ،خدمت کرنا مشکل کام ہوتا ہے، اس امتحان میں صرف نوازشریف، شہبازشریف سرخرو ہوئے،عوام کو پتہ ہے کہ کام کس نے کیا، سیاسی انتقام کس نے لیا، جھوٹ کس نے بولا،مسلم لیگ (ن) میں کارکنوں کی عزت ہوتی ہے۔
سینئر نائب صدر نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) پر بہت برا وقت آیا لیکن چھوٹا یا بڑا کوئی لیڈر، کارکن، کونسلر بھی چھوڑ کر نہیں گیا ، مسلم لیگ (ن) نہیں ایک خاندان ہیں، خون کے رشتوں سے زیادہ آپس میں جڑے ہیں ،کارکن سگے بھائیوں کی طرح ہیں ،گزشتہ روز کارکن گاڑی سے گر کر زخمی ہوگیاجس کا بہت دکھ ہے، زخمی کارکن کو فون کیا، اس کی خیریت پوچھی، زخمی بچے نے کہاکہ نوازشریف کیلئے جان بھی حاضر ہے، یہ ہے جذبہ ہمارے کارکنوں کا ، آپ کا مستقبل اور ترقی نوازشریف کے ساتھ جڑی ہے ۔
مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کو نکال دیں ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا ، شہبازشریف کے دور میں پنجاب میں ہر منصوبہ، ہر نوکری میرٹ پر تھی ،اسی پنجاب کو تباہ کیاگیا، ہر نوکری رشوت سے ملتی تھی،ان کا کہناتھا کہ پانی ، بجلی، گیس سمیت عوام کا ہرمسئلہ حل کریں گے ،اگلے پانچ سال عوام کی خدمت کا ایجنڈا بنا چکے ہیں ،کارکن میرے بھائی اور بازو بن کرباہر نکلیں ، عوام کو مہنگائی اور مسائل سے نجات دلانے میں نوازشریف کا ساتھ دیں ۔
یہ بھی پڑھیں: ثنا اور شعیب کی دوستی سے متعلق اینکر کی پرانی ویڈیو وائرل