(ویب ڈیسک )لوئر کرم کے چار مقامات پر دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن تیسرے روز میں داخل، فورسز کی جانب سے دہسشتگردوں کے ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹر سے شیلنگ کی گئی۔
بگن، مندوری، اوچت اور چپڑی کے علاقوں میں پولیس اور فورسز کی بھاری نفری موجود ہے، مختلف مقامات پر ہیلی کاپٹر سے شیلنگ کی گئی ہے اور گھروں کی تلاشی کا عمل بھی جاری ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق بگن، پستہ ونی، ڈاڈ قمر اور زاڑانہ میں گن شپ ہیلی کاپٹر نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ٹل پاراچنار مین شاہراہ آج 112 ویں روز بھی ہر قسم آمد و رفت کیلئے بند ہے۔ بارڈر حکام کے مطابق پاک افغان خرلاچی بارڈر پچھلے تین ماہ سے بند جس کے باعث تجارت کا سلسلہ بھی رکا ہوا ہے۔
مزید پڑھیں:پاراچنار میں امدادی قافلے پر حملہ، شہید اہلکاروں کی تعداد2 ہوگئی،3 ڈرائیورز بھی جاں بحق
راستوں کی طویل بندش کے باعث انسانی بحران جنم لے چکا ہے، غذائی اجناس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کی زندگی اجیرن ہے، اشیائے ضروریات زندگی نہ ملنے کے باعث لوگ فاقوں پر مجبور ہیں اور شہریوں کی مشکلات میں دوگنا اضافہ ہوچکا ہے۔
صدر تحفظ تنظیم ملت مسرت منتظر کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی عدم دستیابی اور بروقت علاج نہ ملنے کی صورت میں ایک اور بچہ دم توڑ گیا، جس کے بعد 158 بچوں سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 300 سے زیادہ ہوگئی۔
مزید پڑھیں:شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 4 خوارج ہلاک
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ راستوں کو محفوظ بنانے اور دیرپا امن و امان کیلئے کوہاٹ امن معاہدے پر ہر حال میں عمل درآمد ہوگا، پائیدار امن کیلئے کرم کو یکم فروری تک اسلحے سے پاک کیا جائے گا، ضلعے کے اندر تمام بنکرز مسمار کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیام امن کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔