حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا مشن ،شاہد خاقان کے بعد مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی حامی بھرلی

Jan 21, 2025 | 18:20:PM

(طیب سیف )شاہد خاقان عباسی کے بعد سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے مشن  میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ساتھ دینےکا فیصلہ کرلیا۔ 

 تفصیلات کے مطابق اپوزیشن رہنماؤں اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر کو تحریک میں شمولیت کی دعوت دی گئی،ملاقات میں سابق  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، عمر ایوب، عامر ڈوگر، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر اہم سیاسی رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی بہت ضروری ہے اور اپوزیشن جماعتوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر آئینی اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا تاکہ ملک میں استحکام اور ترقی حاصل کی جا سکے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اس دعوت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ  تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ روابط قائم کر کے آئین اور قانون کی بالادستی کو فروغ دیا جا سکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی بحران اور عوامی مشکلات پر کھل کر بات ہوئی ہے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کی بہتری کے لیے ایک مشترکہ ایجنڈا مرتب کیا جائے گا۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر  نے  گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ  آج پاکستان تحریک اںصاف( پی ٹی آئی)  اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما میرے پاس آئے اور ملک کے مسائل پر کھل کر گفتگو ہوئی،پاکستان میں اس وقت شدید بحران ہے جس کا سامنا عوام کو کرنا پڑ رہا ہے،سیاسی بحران کی قیمت عوام ادا کر رہے ہیں اور ملک کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بھی خراب ہیں، موجودہ حکومت نے اس بحران میں مزید مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوا کہ ملک کی بہتری کا ایک مشترکہ ایجنڈا طے کیا جائے گا اور اگلے چند دنوں میں اس حوالے سے میٹنگ ہو گی تاکہ جستجو کا آغاز کیا جا سکے ،انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وقت آ چکا ہے کہ تمام جمہوریت پسند قوتیں ایک پلیٹ فارم پر آئیں۔

اس دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے گفتگو  کی، عمر ایوب نے کہا کہ  ہم سب کا ایک ہی ایجنڈہ ہے  اور وہ ایجنڈہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں قانون کا بول بالا ہو، انہوں نے بتایا کہ  پچھلے دنوں ہم شاہد خاقان عباسی کے پاس بھی گئے اور انہیں دعوت دی، آنے والے دنوں میں تمام اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ہوگا،ہمارا مقصد ایک ہی ہے کہ ملک کو درپیش مسائل حل ہوں اور عوام کو آسانی فراہم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  آج بھی قومی اسمبلی میں شہباز شریف آئے، لیکن ان میں اتنی جرأت نہیں تھی کہ وہ کچھ کہہ پاتے،ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں آزادانہ انتخابات ہوں  اور الیکشن کمیشن اس عمل کو شفاف طریقے سے کرائے۔

وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کو سیاستدانوں اور عوام نے مل کر بنایا تھا لیکن آج ملک ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہے،عوام موجودہ سسٹم پر بالکل اعتبار نہیں کرتے، ہمیں پاکستان میں ایک ایسا سیاسی سسٹم چاہیے جو آئین اور قانون کے مطابق ہو اور عوام کے منتخب نمائندے اس میں شامل ہوں  نہ کہ صرف طاقتور طبقے کے آگے جھکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب جو یہاں موجود ہیں ایک ہی سوچ کے حامل لوگ ہیں اور ہم بانی پی ٹی آئی کی آزادی اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ 

 یہ بھی پڑھیں: 9 مئی کے معاملے پر اگر ظلم ہی کرنا ہے تو مذاکرات کا کیا فائدہ ہے، عارف علوی
 
 
 
 
 

 
 
 
 

مزیدخبریں