افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا،ہم نتیجہ کے قریب پہنچ چکے، شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر پوری تفتیش کی گئی ہے۔ ہم نتیجہ کے قریب پہنچ چکے،حتمی نتیجے تک پہنچنے کیلئے افغان سفیر اور صاحبزادی کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا ہم ان قوتوں کو بے نقاب کریں گے جو چین اور پاکستان کے تعلقات متاثر کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نےملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کی تسلی کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی۔ معاملہ کی تہہ تک پہنچنے کے لئے 700 گھنٹے کی فوٹیج کا معائنہ کیا گیا ہے جبکہ ڈھائی سو لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی ، افغان سفیر کی بیٹی جن ٹیکسیوں میں بیٹھیں ان کے ڈرائیورز کے بیانات ریکارڈ کیے گئے،جس کے بعد ہم نتیجہ کے قریب پہنچ چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے اور افغان سفیر بھی اس معاملے پر ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کے مخالفین اس کیس کو ہمارے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے افغان وزیرخارجہ سے باقاعدہ فون کر کے تعاون کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔وزیراعظم عمران خان افغانستان اور پاکستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں جس پر وزیراعظم نے افغان صدر سے ملاقات بھی کی ہے۔وزیر خارجہ نے آزاد کشمیر الیکشن پر بات کرتے کہا کہ ن لیگ کی قیادت آزاد کشمیر میں اپنی حکومت سے عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔شاہ محمود قریشی نے داسو واقعہ پر کہا کہ زخمی افراد سے میں نے خود عیادت کی ہے،چین اور پاکستان کے تعلقات میں بے پناہ گہرائی ہے۔ سی پیک کو متاثر کرنا پاکستان کے دشمنوں کی خواہش ہے۔ پاک چین مل کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ ہم ان قوتوں کو بے نقاب کریں گے جو چین اور پاکستان کے تعلقات متاثر کرنا چاہتے ہیں لہٰذا کل چین روانہ ہو رہا ہوں جہاں اگلے دو روز میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم کو عید الاضحی کی مبارک باد دیتے ہوٸے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی ہماری قربانی کو قبول فرمائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت امن کے عالمی ایجنڈےمیں رکاوٹ ہے، بھارت افغانستان کی زمین استعمال کرنا چاہتا تھا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ہر چیز کو تباہ کرنا اور رخنہ ڈالنا چاہتا ہے، بھارت امن اور استحکام پیدا کرنے میں مدد گار ثابت نہیں ہو رہا، دنیا پاکستان کے کردار کی تعریف کرتی ہے اور بھارت اس میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: سابق سفارتکار کی بیٹی قتل