(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار، ارسلان تاج، عالمگیر خان اور دیگر کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کی۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے میں کامیاب ہوگئے۔ ماضی میں انتخابات میں بدمعاشی کرنے والی جماعتیں اب الیکشن سے بھاگ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری نے چیف الیکشن کمشنر سندھ کو الیکشن ملتوی کرانے کے لیے خط لکھا، ایم کیو ایم کی قیادت یہاں سے بھاگ کر شہباز شریف کے پاس گئی اور کہا کہ اگر الیکشن ملتوی نہیں کرائے تو اتحاد چھوڑدیں گے اور آپ کی حکومت خطرے میں پڑ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ،خریدار پریشان
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جو 2 ارب روپے بلدیاتی الیکشن کے اشتہارات پر خرچ کر رہی ہے ان سے نالوں کی صفائی اور کئی سڑکیں بن سکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن پارٹی بنی ہوئی ہے اور پیپلزپارٹی کے ساتھ ملی ہوئی ہے، الیکشن کمیشن کو نظر نہیں آتا کہ کراچی میں سیاسی ایڈمنسٹریٹر کو بٹھایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 140اے کے تحت ترامیم کرکے میئر کو اختیارات دیے جائیں، الیکشن کمیشن اور حکومت سندھ کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے۔