9مئی واقعات کی تفتیش مکمل،عمران خان قصور وار قرار 

واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے ،دوران تفتیش ڈیجیٹل شواہد ، موبائل ویڈیوز ، کلوزسرکٹ فوٹیجز ، موبائل رابطے ثابت ہوئے

Jul 21, 2023 | 12:17:PM

(عرفان ملک)9مئی کے واقعات کی تفتیش مکمل ، جے آئی ٹی نے رپورٹ تیار کرلی,جناح ہاؤس حملہ مقدمہ 96/23 میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت نامزد ملزم قصور وار قرار دے دیئے گئے۔

پولیس تفتیش کے مطابق نامزد ملزموں کی جناح ہاؤس واقعہ میں منصوبہ بندی اور عملدرآمد ثابت ہوگیا ،جناح ہاؤس حملہ اور 9مئی کے دیگر واقعات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے ،دوران تفتیش ڈیجیٹل شواہد ، موبائل ویڈیوز ، کلوزسرکٹ فوٹیجز ، موبائل رابطے ثابت ہوگئے۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا جے آئی ٹی کے سامنے دیا گیابیان شواہد سے متضاد ثابت ہوا ،جے آئی ٹی کے سامنے پیش دیگر رہنماوں کے بیانات بھی حقائق کے برعکس ثابت ہوئے،پی ٹی آئی رہنماؤں کے بلوائیوں سے رابطے بھی موبائل کال ریکارڈ میں ثابت ہوئے ہیں۔

 پولیس تفتیش کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈیجیٹل و فرانزک شواہد کے سامنے سوالات کے مناسب جواب نہیں دے سکے،مقدمہ نمبر 96/23 کے علاؤہ دیگر مقدمات میں بھی پی ٹی آئی قیادت قصور وار پائی گئی،10مقدمات میں نامزد و گرفتار ملزموں کی حساس تنصیبات پر موجودگی جیوفینسنگ رپورٹ میں ثابت ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات کی تفتیشی رپورٹ جلد عدالت میں پیش کردی جائے گی،مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی ، شاہ محمود قریشی ، حماد اظہر ، مراد سعید ، علی امین گنڈا پور نامزد  ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آدھے گھنٹے  میں 3 زلزلے کے جھٹکے!

دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس سمیت جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے پانچ مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

سپیشل پراسکیوٹر فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں اب ان کی گرفتاری مطلوب ہے،ڈیوٹی جج نے عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کرتے ہوئے وکلاء سے اگلی سماعت پر دلائل طلب کئے ہیں۔

9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے دیگر مقدمات کی پیروی کرنے والے اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے دیگر مقدمات میں چئیرمین پی ٹی آئی کو جےآئی ٹی نے قصور وار قرار  دیاہے ،چئیرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منسوخی کی حد تک تفتیش مکمل کرلی گئی ہے ،جدید آلات کااستعمال کرکے تفتیش آگے بڑھائی گئی۔

تفتیش میں فرانزک کی رپورٹ بھی موجود ہیں، مزید تفتیش کیلئے چئیرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اور موبائل فون درکار ہیں ،تفتیش کی تکمیل کیلئےگرفتاری کےبعد فوٹوگرامیٹک اور آڈیوسونیک ٹیسٹ کرائے جائیں گے ،ہماری عدالت سے درخواست ہوگی کہ 8 اگست کو ان کی ضمانت خارج ہو اگر گرفتاری ہوجاتی ہے تو ان کا جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا اس کیس میں ان کو بڑی سزاء ہوسکتی ہے۔

مزیدخبریں