(اویس کیانی) مہنگائی کے ستائے شہری ایک اور اضافی بوجھ کیلئے ہوجائیں تیار، پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلر مارجن میں اضافے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈال دیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایسوسی ایشن کا ڈیلرمارجن میں81.16 فیصد تک مزید اضافے، فی لیٹر ڈیزل پرڈیلرمارجن میں5.67 روپے اضافے، فی لیٹر پٹرول پر ڈیلر مارجن میں5.65 روپے اضافے کا مطالبہ ہے، منظوری کی صورت میں ڈیزل پر فی لیٹر مارجن7روپے سے بڑھ کر12.67 روپے جبکہ پٹرول پر فی لیٹر مارجن7روپے سے بڑھ کر 12.65 روپے ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز مذاکرات،شہراقتدار سے بڑی خبر آگئی
حکومتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایک سال قبل حکومت ڈیلر مارجن میں69.49 فیصد تک اضافہ کرتے ہوئے ڈیلر مارجن میں فی لیٹر2.87 روپے تک اضافہ کیا تھا، اس وقت پٹرول کے فی لیٹر میں ڈیلر مارجن کا حصہ2.77 فیصد جبکہ ڈیزل کے فی لیٹر میں ڈیلر مارجن کا حصہ 2.76 فیصد بنتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈیلرمارجن میں اضافہ ہونے پر قیمت کا حصہ بنے گا کیونکہ مہنگائی،لاگت بڑھنے سے مارجن میں اضافہ ناگزیر ہے اور بجلی کی قیمت،تنخواہیں بڑھنے سے بھی مارجن میں اضافہ ضروری ہے۔