پشاور: پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ،ایک اہلکار شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پشاور کے نواحی علاقے ارمڑ میں چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے سنائپر گن سے فائر کیے، جوابی فائرنگ سے دہشتگرد فرار ہوگئے، واقعہ رات گئے پیش آیا۔
شہید کانسٹیبل سعید اللہ کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔
نماز جنازہ میں سی سی پی او قاسم علی، ایس ایس پیز سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دہشتگردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ گورنر نے شہید پولیس اہلکار کے درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ملک و قوم کا فخر ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ ارنڈو خوڑ پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے کانسٹیبل سعید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل سعید کے خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل سعید نے ادائیگی فرض کے دوران جان کا نذرانہ دےکر شہادت کا اعلی رتبہ پایا ۔ وطن پر جان نچھاور کرنے والےشہید کانسٹیبل سعید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قوم ایک ہے اور ہر سطح پر غیرمعمولی عزم کا اظہار کیا ہے۔