طلبا کی جدوجہد رنگ لے آئی؛ بنگلا دیشی سپریم کورٹ نے کوٹا سسٹم پر عملدرآمد روکدیا

Jul 21, 2024 | 14:23:PM

 (ویب ڈیسک) بنگلا دیش میں طلبہ کا احتجاج رنگ لے آیا، سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹے پر بھرتی سے متعلق ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد روک دیا۔

 مقامی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کی سپریم کورٹ میں کوٹہ سسٹم بحالی کے خلاف سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹوں پر ہائی کورٹ کے حکم پرعمل درآمد روک دیا۔

سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ آزادی کی جنگ لڑنے والے فوجیوں کے بچوں کیلئے 5 فیصد کوٹہ رکھا جائے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کو بحال کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنگلہ دیش میں طلبہ کے احتجاج کے بعد بے امنی کو روکنے کیلئے سپاہیوں نے ملک کے شہروں کی سڑکوں پر گشت کیا جبکہ پولیس نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر دی تھی۔

خبرایجنسی کے مطابق ڈھاکا کی سڑکوں پر سکیورٹی اہلکاروں کا گشت جاری ہے، پرتشدد مظاہروں میں 133 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، ہلاک افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ 150 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

حکومت کی ہدایت پر انٹرنیٹ، ٹیکسٹ میسج اور اوورسیز کال سروسز جمعرات سے معطل ہے، تعلیمی ادارے اور دفاتر بھی بند ہیں۔

مزیدخبریں