ویمنز ایشیا کپ ٹی 20، پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

Jul 21, 2024 | 22:14:PM
ویمنز ایشیا کپ ٹی 20، پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
کیپشن: ویمنز ایشیا کپ ٹی 20، پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: 24 News
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان ویمنز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد نیپال ویمنز کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔
سری لنکا کے شہر دمبولا میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے زیر اہتمام ویمنز ٹی ٹوئنٹی کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان اور نیپال کی ویمنز ٹیمیں مدِ مقابل ہوئیں، پاکستان ویمنز کی جانب سے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا گیا، نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے، پاکستان نے جواب میں  11.5  اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا، یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہے۔

پاکستان ٹیم کی بولرز نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے نیپال کو کسی بھی موقع پر اعتماد سے بیٹنگ  کا موقع نہیں دیا، میچ کے پہلے ہی اوور میں فاطمہ ثنا نے ’سمجھنا کھاڈکا‘ کو 4 کے انفرادی اسکور پر نشرہ سندھو کے ہاتھوں کیچ کرادیا جس کے بعد 10ویں اوور تک نیپال کی 4 وکٹیں گرچکی تھیں، سعدیہ اقبال نے اپنے ایک ہی اوور میں کبیتا کنور اور کپتان اندو برما کو  آؤٹ کردیا۔

نیپال کی طرف سے کبیتا جوشی 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ سیتا رانا نے 3 چوکوں کی مدد سے 26 اور پوجا مہاتو نے بھی 3 چوکوں کی مدد سے 25  رنز سکور کیے، پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال 19  رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔

109 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پاکستان کو 105 رنز کا شاندار  آغاز فراہم کیا، گل فیروزہ نے 10 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے جبکہ منیبہ علی نے ناقابلِ شکست 46 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔

اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ سعدیہ اقبال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، گل فیروزہ  نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی پہلی نصف سنچری کی اور منیبہ علی کے ساتھ سنچری اوپننگ  پارٹنرشپ بنائی،  یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی دوسری سنچری اوپننگ پارٹنرشپ ہے، اس سے قبل جویریہ خان اور جویریہ رؤف نے 2013 میں آئرلینڈ کےخلاف 123 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ لگائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی2025؛فاسٹ بولر حسن علی نے اہم بیان دیدیا

واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارت نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، آج بھارت ویمنز نے اپنے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 78 رنز سے شکست دی جبکہ اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے ہرایا تھا، ادھر نیپال نے متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنا پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان  ویمنز ٹیم اپنا تیسرا میچ منگل کو  متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔