شادی کے بغیر بیٹی کی پیدائش۔۔ نینا گپتا کی سوانح عمری نے ہنگامہ برپا کردیا

Jun 21, 2021 | 18:46:PM

  (مانیٹرنگ ڈیسک) ماضی کی مقبول اور بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی سوانح عمری ’سچ کہوں تو‘ میں کئی انکشافات کرکے اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ میں بالی وڈ اداکارہ نینا گپتا نے اپنی سوانح عمری ’سچ کہوں تو‘ کے عنوان سے تحریر کردہ کتاب میں کھل کر اپنی زندگی پر بات کی اور بتایا ہے کہ کس طرح ان کے ہاں شادی کے بغیر بیٹی کی پیدائش ہوئی اور کیسے شادی کے بندھن میں بندھنے سے کچھ منٹ قبل ہی ان کے دلہے نے ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا۔


اداکارہ نے اپنی سوانح عمری میں 1980 کے بعد کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک مرتبہ ممبئی میں انہیں فلم پروڈیوسر نے رات کو کام کے سلسلے میں بلایا اور ان سے نامناسب انداز میں باتیں کرنے لگے۔
 میڈیا رپورٹ کے مطابق نینا گپتا نے کتاب میں مذکورہ پروڈیوسر کا نام لکھے بغیر بتایا کہ فلم ساز نے ایک گھنٹے تک انہیں باتوں سے متاثر کرنے کی کوشش کی مگر جب اداکارہ نے ان سے پوچھا کہ سر ان باتوں کا کیا مقصد ہے اور فلم میں ان کا کردار کیا ہوگا؟ان کی جانب سے سوال کرنے پر پروڈیوسر برہم ہوگئے، جس پر اداکارہ نے ان کے گھر سے نکلنا چاہا تو فلم ساز نے ان سے دریافت کیا کہ کیا وہ ان کے ساتھ رات نہیں گزاریں گی؟نینا گپتا نے لکھا ہے کہ وہ پروڈیوسر کی بات سن کر حیران رہ گئیں۔
اداکارہ نے اپنی کتاب میں مزید انکشاف بھی کیا کہ ان کی شادی طے تھی اور سب کچھ منصوبے کے مطابق ہو رہا تھا مگر نہ جانے کیوں اس شخص نے آخری منٹس میں ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا؟نینا گپتا نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ان سے شادی نہ کرنے والا شخص اب دادا بن چکے ہیں اور ان کی زندگی خوشی سے گزر رہی ہے۔


 بالی وڈ اداکارہ کی کتاب کے حوالے سے ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ نے ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ووین رچرڈز سے جسمانی تعلقات اور ان کی بیٹی کو پیدا کرنے سے متعلق بھی کھل کر بات کی ہے۔
نینا گپتا نے کہا کہ جب وہ ووین رچرڈز سے جسمانی تعلقات کی وجہ سے امید سے ہوگئی تھیں تو ان کے قریبی دوست اداکار ستیش کوشک نے انہیں شادی کی پیش کش کی تھی،جب وہ امید سے تھیں تو ان کے دوست ستیش کوشک ان کی مدد کو پہنچے اور انہیں شادی کی پیش کی مگر انہوں نے ان سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے مزیدلکھا کہ بعد ازاں انہوں نے ووین رچرڈز کی بیٹی مسابہ کو جنم دیا اور ان کی تنہا پرورش کی اور اس دوران انہیں معاشرے کی نفرت کو بھی جھیلنا پڑا۔ جب ان کی بیٹی 19 سال کی ہوئیں تب انہوں نے 2008 میں اپنے ایک اور دیرینہ دوست وویک مہرا سے شادی کی۔


 واضح رہے کہ نینا گپتا نے 1980 سے قبل اداکاری شروع کی تھی اور کیریئر کے آغاز میں ہی ان کے تعلقات مایہ ناز ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ووین رچرڈز سے ہوگئے تھے لیکن ان کی شادی نہیں ہو سکی تھی۔نینا گپتا نے ووین رچرڈز کی بیٹی کو مسابہ کو جنم دیا تھا اور اب وہ ان کے ساتھ ہی رہتی ہیں، ان کی بیٹی کا شمار بھارت کی معروف فیشن ڈیزائنرز میں ہوتا ہے۔


یہ بھی پڑھیں:مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا ۔۔ کے پی کے میں کوئی غریب نہیں ۔پرویز خٹک کی نئی منطق پر قومی اسمبلی میں قہقہے

مزیدخبریں