آئی ایم ایف کی شرائط ماننے سے معیشت نیچے گئی، شوکت ترین کا اعتراف

Jun 21, 2021 | 19:04:PM

(24 نیوز)وزیر خزانہ شوکت ترین کاکہناہے کہ ہمارے پاس ڈالر چھاپنے کی مشین نہیں اس لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،آئی ایم ایف نے پیسے دینے کیلئے شرائط رکھیں جس سے معیشت نیچے گئی ، عمران خان کی حکومت نے ایسے اقدامات کئے جس سے معیشت اٹھنا شروع ہو گئی ۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہاکہ اپوزیشن بجٹ کو جھوٹا قرار دے رہی ہے ،شوکت ترین جھوٹ نہیں بولتا،کبھی جھوٹ نہیں بولتا،برجیس طاہر مجھے اچھی طرح جانتے ہیں، یہ جانتے ہیں میں جھوٹ نہیں بولتا،بجٹ میں نے بنایا ہے، بجٹ کو جھوٹا کہاگیا تو مجھے جھوٹا کہاگیا۔ان کاکہناتھا کہ کسی حکومت نے اتنے بڑے پیمانے پر غریب آدمی کیلئے سوچا،اپوزیشن پر اور پچھلی حکومتوں پر تنقید نہیں کرناچاہتا کیونکہ میں سب جانتا ہوں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ ہمارے پاس ڈالر چھاپنے کی مشین نہیں اس لئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا،آئی ایم ایف نے پیسے دینے کیلئے شرائط رکھیں جس سے معیشت نیچے گئی ، عمران خان کی حکومت نے ایسے اقدامات کئے جس سے معیشت اٹھنا شروع ہو گئی ۔
شوکت ترین نے کہاکہ اپوزیشن کہہ رہی ہے مہنگائی 25 فیصد ہے ، اس وقت مہنگائی 11 فیصد ہے اوپر سے اپوزیشن ہمیں جھوٹا کہہ رہی ہے، کھانے پینے کی اشیا اس لئے مہنگی ہیں کیونکہ ہم نیٹ فوڈ امپورٹر بن چکے ہیں ،ان کا کہناتھا کہ ہم نے پچھلے دس بیس سال میں زرعی شعبے کیلئے کیاکیا، عالمی سطح پر فوڈ پرائزز10 سال کی بلند ترین سطح پر ہے اس کا اثر پاکستان میں بھی ہے،عالمی قیمتیں ہم پر اثرانداز ہو رہی ہیں کیونکہ ہم چیزیں امپورٹ کررہے ہیں ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سب کیلئے بہت متوازن بجٹ لے کر آئے ہیں ،چاہتے ہیں لوکل انڈسٹری کھڑی ہو اور باہر کی انڈسٹری کا مقابلہ کرسکے، ہم نے ہر صورت ایکسپورٹ بڑھانی ہیں،سپیشل اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کار لائیں گے،چینی سفیر سے بھی میری آج ایکسپورٹ بڑھانے پر بات ہوئی، چین مدد کرے گا۔
شوکت ترین نے کہا کہ آج بینک عوام کو گھروں کیلئے سستے قرضے دینے کیلئے تیار ہیں ،ہاﺅسنگ انڈسٹری چلنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ لوگوں کو چھت ملتی ہے،ہاﺅسنگ انڈسٹری چلنے سے 40 سے زائد انڈسٹریز چلنا شروع ہو جاتی ہیں ،اس سب کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کیلئے 260 ارب روپے رکھے گئے ہیں ،لمبی تقریر تو 24 کو کروں گا، ابھی یہی کہوں گا ہم گروتھ کی طرف جا رہے ہیں ،ہم لوگوں کو ان خوابوں کی تعبیر دینے جا رہے ہیں جو خواب وہ دیکھتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد بڑا اضافہ

مزیدخبریں