(ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کم نہ ہو سکی 4 مزید کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 2 نوجوانوں کو پلوامہ اور 2 کو سوپور میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا، تین روز کے دوران شہداء کی تعداد 11 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق آخری اطلاعات آنے تک دونوں علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری تھیں، کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے بیان جاری کیا جس میں انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، بیان میں نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ایک دن ضرور بھارت کو کشمیری عوام کو انکا ناقابل تنسیخ حق حق خودارادیت دینا پڑے گا۔
اس کے علاوہ پولیس نے سوشل میڈیا پیج’’ دی ریئل کشمیر نیوز ‘‘ آپریٹر کوگرفتار کرلیا ہے۔ بھارتی فوجیوں کی طرف سے یہ گرفتاری ضلع کپواڑہ کے علاقے چندی گام لولاب میں ایک نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کرنے کی خبر جاری کرنے پر کی گئی۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی خاموشی نے اسکی ساکھ پر سوال اٹھادیئے ہیں۔