بجلی بچت مہم: مارکیٹوں کی بندش کے حوالے سے اہم خبر آگئی

Jun 21, 2022 | 16:03:PM

(ویب ڈیسک) بجلی بچت مہم کے تحت لاہور میں اتوار کے روز بھی تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اس حوالے سے تاجر برادری کو آگاہ کیا جائے گا۔

ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بچت کے حوالے سے شہر کی تمام مارکیٹوں کو رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عمر شیر چٹھہ نے مزید کہا کہ تمام کمرشل مارکیٹیں، پلازے، دکانیں، شاپنگ مالز، بیکریاں، آفسز، سٹور رومز، گودام اور وئیر ہاؤسز کو اتوار کے روز بند رکھا جائے گا، اتوار کے روز تمام مارکیٹوں کے بند ہونے کو یقینی بنایا جائے۔

 یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس: فیصلہ ہوگیا

خیال رہے کچھ روز قبل لاہور، پنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت پنجاب بھر میں 9 بجے کاروباری مراکز، مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور دکانیں بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہول سیل اور پرچون کی دکانیں، شاپنگ مالز، بیکریاں، دفاتر، اسٹور رومز، گودام، ویئرہاؤسز کو رات نو بجے بند کرنا ہوگا۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق سینما ہالز اور تھیٹر بھی رات ساڑھے گیارہ بجے کے بعد نہیں کھولے جاسکتے۔ کمرشل اور انڈسٹریل عمارتیں، ریسٹورنٹس، کلب، تندور، کیفے بھی رات ساڑھے گیارہ بجے بند کرنا ہوں گے۔ سیرو تفریح کے تمام مقامات بھی ساڑھے گیارہ بجے کے بعد نہیں کھولے جاسکتے۔

ہفتے کو کاروباری مراکز ساری رات کھولے جاسکیں گے۔ میڈیکل اسٹورز، اسپتال، لیبارٹریاں، پیٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشنز، ٹائرشاپس، دودھ دہی کی دکانوں پر اس حکم کا اطلاق نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں