(24 نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو پروٹیکشن دینے کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے دونوں رہنماﺅں کو کل تک عدالت پیش ہونے کی مہلت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کوئی عدالتی نظیر موجود ہے کہ بغیر پیش ہوئے ضمانت ملی ہو؟ وکیل اسد عمر نے کہاکہ حمزہ شہباز کو بغیر پیش ہوئے ضمانت دینے کی نظیر موجود ہے، آپ اس درخواست کو حمزہ شہباز کیس کی طرح حفاظتی ضمانت میں تبدیل کر دیں۔
جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ قانون واضح ہے درخواست گزار عدالت میں موجود نہیں ہیں، یہ عدالت قانون کے مطابق ہی چلے گی، اس حوالے سے قانون بہت واضح ہے،وکیل اسد عمر نے کہاکہ حمزہ شہباز کے گھر کو نیب نے گھیرا تھا تو عدالت نے اس کو پروٹیکشن دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بڑے ایونٹ سے قبل بری خبر آگئی ،اہم ترین کھلاڑی انجری کا شکار ہو کر باہر ہو گئے
عدالت نے کہاکہ دونوں کی ضمانت سیشن کورٹ سے خارج ہو چکی ہے حفاظتی ضمانت نہیں دے سکتے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس قسم کا غیر معمولی ریلیف عام شہری کو بھی دیا جاتا ہے؟وکیل علی بخاری نے کہاکہ تین پیٹشنرز کو نہیں روکا گیا دو کو روکا جا رہا ہے اس کو بھی عدالت دیکھے، کل ہو یا پرسوں، یہی صورتحال ہو گی، وکیل علی بخاری نے کہاکہ میں ضلعی عدالت کے سامنے نہیں بلکہ آئینی عدالت کے سامنے کھڑا ہوں، دونوں درخواست گزار کورٹ کے باہر کھڑے ہیں، اندر نہیں آنے دے رہے۔
اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے ہائیکورٹ کے اندر آنے کیلئے پروٹیکشن دینے کی بار بار استدعاکی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پروٹیکشن دینے کی استدعا مسترد کردی،عدالت نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو کل تک عدالت پیش ہونے کی مہلت دیدی،جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی،درخواست گزار کل تک عدالت آ جائیں تو درخواستیں سن لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خریداروں کیلئے اچھی خبر، سونے کی قیمت کم ہو گئی