وفاقی وزیرداخلہ سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

Jun 21, 2024 | 19:04:PM

(اویس کیانی) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال گیا۔

کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلون نے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے ملاقات کی، ملاقات میں کینیڈین ہائی کمیشن کے اعلی حکام، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں بارڈر سیکیورٹی، امیگریشن، غیر قانونی انسانی سمگلنگ  اور منشیات کی سمگلنگ کو روکنے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک سال میں پاکستانیوں نے کتنے پیسے بینکوں میں جمع کروائے؟جان کر آپ بھی حیران رہ جائینگے

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اپنے بارڈر کو محفوظ بنانے، غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی سمگلنگ کو روکنے کی ہر ممکنہ کوشش کر رہا ہے، اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ہم امیگریشن کے سسٹم میں بھی جدت اور بہتری لا رہے ہیں، الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے نظام میں مزید بہتری لا رہے ہیں، 24 گھنٹے میں ویزہ جاری کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں کینیڈا کو ہنر مند افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے، ہنر مند افرادی قوت کی کینیڈا منتقلی سے غیر قانونی انسانی سمگلنگ کے واقعات میں  کمی آئے گی، پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں کو آئین پاکستان کے تحت مساوی حقوق حاصل ہیں، اقلیتوں کے حقوق کا  تحفظ حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، افغان مہاجرین کی کینیڈا منتقلی میں پاکستان ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے۔

دوسری جانب کینیڈین ہائی کمشنر نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیر داخلہ  محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں