وزیراعلیٰ مریم نواز اور صدر ن لیگ نوازشریف سے ایرانی سفیر کے ملاقات،مختلف امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاور صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکا نومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا،ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا گیا،ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،پاکستان اور ایران کے درمیان باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی، پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا،ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی،صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے ملاقات میں دورہ ایران کی یادیں تازہ کیں،وزیراعلی مریم نواز اور صدرپاکستان مسلم لیگ(ن) نوازشریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا اور کہاکہ ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی،شہیدایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ون آن ون ملاقات میں تجارتی، ثقافتی تعلقات کے فروغ پر سود مند گفتگو ہوئی،ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہاکہ پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا،شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی، پاکستان ایران کیلئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے،شہید ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یو کا تسلسل برقرار رہے گا-
ایرانی سفیر نے مریم نواز کو خاتون وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی،ایرانی سفیر نے وزیراعلی مریم نواز کے عوام دوست اقدامات کو سراہا،وزیراعلی مریم نواز نے ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا،اصفہان،مشہد اورلاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے برآمد کنندگان کے وفد کی ملاقات،حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار