پیپلزپارٹی کو ساتھ لے کر چلنا ہے یا نہیں۔۔ ؟جاتی امرا بیٹھک میں بڑا فیصلہ

Mar 21, 2021 | 11:49:AM
پیپلزپارٹی کو ساتھ لے کر چلنا ہے یا نہیں۔۔ ؟جاتی امرا بیٹھک میں بڑا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جاتی امرا میں بڑی سیاسی بیٹھک ۔پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی  لیگی نائب صدر  مریم نواز  اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز  سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات  ہوئی ۔تینوں رہنماؤں نے پیپلزپارٹی کو ہر حال میں ساتھ لے کر چلنے اور پی ڈی ایم کو متحد رکھنے کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

پی ڈی ایم  کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرانے اور لانگ مارچ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جاتی امرا  پہنچے جہاں انہوں نے لیگی نائب صدر  مریم نواز اور حمزہ شہباز  سمیت دیگر لیگی رہنماؤں سے اہم ملاقات کی۔جاتی امرا میں ہونے والی اس اہم میٹنگ میں اسمبلیوں سے استعفے دینے کی حکمت عملی اور اسلام آباد لانگ مارچ کے حوالے سےمشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق  مریم نواز  نے مولانا فضل الرحمان کو عید الفطر کے فوری بعد لانگ مارچ کی تجویز  دی ۔اجلاس میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر بھی غور  کیا گیا۔ تینوں بڑے رہنماؤں نے  پیپلز پارٹی کو کسی صورت نظر انداز نہ کرنے پر اتفاق  کیا۔ اس موقع پر  مولانا فضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ وہ پی ڈی ایم کو کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ اپوزیشن اتحاد توڑنے کی سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں پیدا ہونے والی دوریوں کو کم کرنے اور پی ڈی ایم کو ایک پیج پر متحد رکھنے کیلئے مولانا فضل الرحمان میدان میں آچکے ہیں۔انہوں نے پچھلے 2 روز میں سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سے متعدد بار ٹیلیفونک رابطے کئےاور ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھنے پر زور دیا۔