مریم کی نیب پیشی پر لاکھوں کارکن موجود ہونگے، مولانا فضل الرحمان

Mar 21, 2021 | 17:58:PM

(24 نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہناہے کہ پی ڈی ایم متحد ہے،ہمیں مل کرسفرکرنا ہے، کچھ معاملات باہمی رابطوں سے کنٹرول کر لیں گے ،پیپلز پارٹی سے کہیں گے 9 جماعتوں کی رائے کا احترام کرے ،پیپلز پارٹی کی سی ای سی کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں ۔مریم نوازکی پیشی کے موقع پرپی ڈی ایم کے لاکھوں کارکن اوررہ نما موجود ہونگے۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے مریم نواز کے ہمراہ جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ملک کودرپیش صورتحال پر مریم نوازسے تفصیلی بات چیت ہوئی،مہنگائی کے حوالے سے حکومت نے کچھ نہیں چھوڑا،مہنگائی نے عوام کی کمرتوڑ کررکھ دی ہے،حال ہی میں بجلی 6روپے مہنگی کی گئی،یہ حکمران اس ملک اور قوم کو کہاں پہنچانا چاہتے ہیں ؟ان کاکہناتھا کہ سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی ادارہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،پاکستان کو معاشی لحاظ سے غلام بنانے کی بھونڈی سازش کی جا رہی ہے،ایسی سازش کو تسلیم نہیں کر سکتے ، پاکستان کی خود مختاری اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
مولانا فضل الرحمان کاکہناتھا کہ نیب نے مریم نوازکو 26 مارچ کو طلب کیا ہے،مریم نوازکی نیب طلبی کی جووجوہات بتائی گئی ہیں اس نے نیب کوبے نقاب کردیا ہے،نیب ایک کٹھ پتلی ادارہ ہے ،کیا نیب اداروں کی خدمت اورترجمانی کیلئے بنا ہے؟ مولانا فضل الرحمان نے صحافی کے سوال ’لانگ مارچ ہو گا ؟کاجواب دیتے ہوئے کہاکہ لانگ مارچ ضرور ہو گا ،ان شااللہ لانگ مارچ ہوگا، سربراہی اجلاس میں لانگ مارچ کو نئی تاریخ دی گئی ہے ۔

مزیدخبریں