چین مخالف اتحاد۔۔۔امریکا کی بھارت سے پینگیں 

Mar 21, 2021 | 20:13:PM

 (24نیوز)امریکا بھارت کے ساتھ اپنے سکیورٹی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے بھارتی منصب راجناتھ سنگھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔
آسٹن بھارت کا دورہ کرنے والے صدر جوزف بائیڈن کی انتظامیہ کے پہلے اعلی عہدے دارہیں۔ان کا دورہ امریکا کی چین مخالف اتحاد بنانے کے لئے کوششوں کا حصہ ہے۔لائیڈ آسٹن نے را جناتھ سنگھ کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آج کی تیزی سے تبدیل ہوتی بین الاقوامی صورت حال میں ایک اہم شراکت دار ہے۔انھوں نے بتایا کہ ہم نے امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی شعبے میں شراکت داری کو بڑھانے کے مواقع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اضافہ بائیڈن ،ہیرس انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ہم علاقائی سطح پر سکیورٹی کے شعبے میں تعاون ، دونوں مسلح افواج کے درمیان روابط اور دفاعی تجارت کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے۔
بھارتی وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ انھوں نے مسلح افواج کے درمیان تعلقات ،اطلاعات کے تبادلے ،دفاع کے ابھرتے ہوئے نئے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور باہمی لاجیسٹکس اسپورٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔انہوں نے امریکا کی دفاعی صنعت کو بھارت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ ملک میں غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری کی آزاد پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

مزیدخبریں