لیڈی کانسٹیبل کی پراسرار ہلاکت۔ایس پی ٹریفک کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)اقرا نذیر کی پراسرار ہلاکت کے کیس میں ایس پی ٹریفک عارف شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس کی جواں سال لیڈی کانسٹیبل اقراء نذیر کی مشکوک اورپراسرار ہلاکت کے کیس میں ایس پی ٹریفک عارف شاہ کو عہدہ سے ہٹاکر پولیس لائنز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں تھانہ آب پارہ میں ایس ایچ او سلیم رضا کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ لیڈی کانسٹیبل کی موت پراسرار اورمشکوک حالات میں ہوئی، اقرا کو عارف شاہ پولی کلینک ہسپتال لے کر گئے تھے، جہاں ایک گھنٹے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔ اقرا کو زہر دیے جانے کا شبہ ہے۔
اسلام آباد پولیس کی لیڈی کانسٹیبل اقراء کی موت کا معاملہ۔ آئی جی اسلام آباد نے ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ pic.twitter.com/8gQulFdTOo
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 18, 2022
ڈیڈ باڈی پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی تھی۔ معاملے پرآئی جی اسلام آباد نے اعلی پولیس افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی،تحقیقاتی کمیٹی بھی معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لئے مصروف ہے۔ کمیٹی نے ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایس پی عارف شاہ کی معطلی کی سفارش کی ہے۔
پولیس نے مقدمے میں جائے وقوعہ کا ذکر نہیں کیا۔پولیس ذرائع کا کہناہے کہ مقتولہ کے موبائل فون کاڈیٹا اورلوکیشنز بھی لی جارہی ہیں جسکا تحقیقاتی کمیٹی جائزہ لیکروقوعہ اور مقدمہ میں چھپائے گئے پہلووں کی بھی مکمل جانچ کرے گی۔
لیڈی کنسٹیبل اقراء نذیر کی موت کا معاملہ۔ تھانہ آپبارہ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج pic.twitter.com/XZtM7STBKh
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 19, 2022
کراچی یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والی اقرا کراچی کی رہائشی تھیں اور ان کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔ اقرا نے 2019 میں اسلام آباد پولیس میں ملازمت اختیار کی اور وہ اسلام آباد میں اپنے رشتہ دار ایس پی ٹریفک پولیس عارف شاہ کے گھر رہائش پذیر تھیں ۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس آج دائرکیا جائیگا