(ویب ڈیسک) مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو کے ایک تاجر کو نوسربازوں نے ایک ملین یو ایس ڈالر کا جعلی نوٹ دکھا کر لاکھوں کا چونا لگا دیا۔
پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے محمود کوٹ میں ارشد تقی نامی پیٹرول پمپ مالک کو نوسربازوں نے ایک ملین یو ایس ڈالر کا جعلی نوٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت کردیا اور ملزمان تاجر سے 8 لاکھ روپے کی رقم ایڈوانس لے کر رفو چکر ہوگئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ تاجر کا کہنا ہے کہ عامر احمد، عبدالرزاق اور جمعہ خان نامی افراد اس کے پیٹرول پمپ پر آئے اور اسے ایک ملین ڈالر کا کرنسی نوٹ اور اس کے متعلقہ دستاویزات دکھائیں۔
یہ بھی پڑھیے: پولیس اہلکار سر عام رشوت لینے لگے ، ویڈیو وائرل ہونے پر حکام اعلیٰ کی آنکھیں کھل گئیں
ملزمان کا کہنا تھا کہ ایک ملین ڈالر کے کرنسی نوٹ کی مالیت 28 کروڑ روپے بنتی ہے لیکن وہ اسے 10 کروڑ روپے میں فروخت کردیں گے جس کے پیش نظر متاثرہ تاجر لالچ میں آگیا اور ملزمان کو 8 لاکھ روپے ایڈوانس رقم بھی ادا کردی۔
پولیس کے مطابق ایڈوانس رقم لے کر ملزمان تاجر کو ایک ملین کا جعلی نوٹ تھما کر چلے گئے تاہم متاثرہ تاجر کو بعد میں پتا چلا کہ ایک ملین امریکی ڈالر کا کرنسی نوٹ جعلی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ متاثرہ تاجر ارشد تقی کی مدعیت میں 3 جعلسازوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔