(24 نیوز) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو ساڑھے تین بجے سنایا جائے گا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے عمران خان کی تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے آج عدالت حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔
وکیل عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی گزشتہ پیشی سب کے سامنے ہے، سابق وزیراعظم کو جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا ارادہ تھا، پوری قوم نے عمران خان پر پولیس کی کارروائی کو دیکھا۔
جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا لیکن ہم نے نہیں دیکھا، ہماری کیبل نہیں چل رہی تھی۔ وکیل عمران خان نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نکلتے ہیں تو ان کے ساتھ ہزاروں کارکناں نکل آتے ہیں۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ عمران خان تو آنا چاہتے ہیں لیکن ہر بار لوگ نکل آتے اور ان پر مقدمات درج ہوجاتے ہیں۔ پراسیکیوٹر نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ کرلیا۔